جشن آزادی، بانی قائد کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

پاکستان کا 74واں یوم آزادی آج قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ دن کی شروعات قومی پرچم کو سلامی پیش  کرتے ہوئے ہوئی۔ کراچی میں آج بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ملک بھر میں آج جشن آزادی کے سلسلے میں سرکاری سطح پر تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت سمیت ہر شہر میں جشن کا سماں ہے، مختلف علاقوں میں لوگ قومی پرچم کو بلند رکھتے ہوئے خوشیاں منا رہے ہیں۔ کراچی میں جشن آزادی کے موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں اہم  سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے قائد اعظم محمد علی جناح کو سلامی پیش کی۔ اس موقعے پر نیول کیڈٹس نے اعزازی طور پر مزار قائد کے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ تقریب کے دوران مہمان خصوصی نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ شرکا نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

یہ بھی پڑھیے

میوزک بینڈ کا قائداعظم کی یادگار کے سامنے بیہودہ ڈانس

نمائندہ نیوز 360 الیان الکریم  سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان نیوی کے لیفٹننٹ مجیب نے کہا کہ ہمارے بڑوں نے پیارے وطن کے حصول کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، ہمیں ہر لمحہ اس کی خدمت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں پاکستان نیوی کے 40 کیڈٹس نے شرکت کی، جنہوں نے گارڈ آف آنر پیش کرنے کے بعد قائداعظم کے مزار کی سیکیورٹی کے انتظامات سنبھال لیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 14 اگست پر پاکستان نیوی کے دستے قائد اعظم کے مزار کی سیکیورٹی کے انتظامات سنبھالتے ہیں۔ 6 ستمبر کو پاکستان ایئر فورس جبکہ 23 مارچ کو زمینی فوج کے افسران اور اہلکار سیکیورٹی کی خدمات پیش کرتے ہیں۔

پاکستان نیوی کی خاتون لیفٹننٹ ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج ملکی سلامتی کے لیے ہر وقت تیار ہے۔  انہوں  نے  بتایا  کہ فوج میں اب خواتین کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔

متعلقہ تحاریر