کیا اگلے چھ ماہ میں پورے پاکستان کو کرونا ویکسین لگ جائے گی؟

وفاقی وزیر اسد عمر کے مطابق گزشتہ 9 دنوں کے دوران 40 ملین لوگوں نے کرونا ویکسین کی خوراک لگوائی ہے۔

پاکستان میں جس رفتار سے کرونا وباء کی روک تھام کےلیے ویکسینیشن مہم چل رہی ہے اندازے بتا رہے ہیں کہ اگلے چھ میں ملک کے تمام افراد کو ویکسین کی خوراک دے دی جائے گی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر محنت و افرادی قوت اسد عمر نے 10 اگست کو بتایا تھا کہ ہم نے ویکسینیشن کا 4 کروڑ کا ہندسہ حاصل کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کیا کرونا کی دو الگ ویکسینز لگائی جاسکتی ہیں؟

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اپنے پیغام میں مزید لکھا ہے کہ "پاکستان میں گزشتہ 9 روز کے دوران ایک کروڑ افراد کو ویکسین کی خوراک دی گئی۔”

 

حساب سے پتہ چلتا ہے کہ اگر اسی طرح محنت سے ویکسین لگانے کی رفتار جاری رہی تو اگلے چھ ماہ میں پاکستان اپنا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مکمل ویکسینیشن کا ہدف حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اگر حفاظتی ٹیکے لگانے کے عمل کو اسی رفتار سے جاری رکھا گیا، اور کم از کم 10 ملین افراد کو 9 دن یا اس سے تھوڑے سے زیادہ عرصے میں انجیکشن لگائے جاتے رہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حساب سے پتہ چلتا ہے کہ تقریبا 24 کروڑ لوگوں کو ویکسین لگانے میں تقریبا 200 دن لگیں گے۔

امریکی جریدے "بلومبرگ” کی ایک رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن کی سب سے بڑی مہم جاری ہے اور اب تک دنیا بھر میں تقریباً 4.5 ارب افراد کو ویکسین کے ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔

بلومبرگ کے مطابق پاکستان میں ابھی تک 39.1 ملین افراد کو کرونا ویکسین فراہم کی جاچکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ویکسینیشن کے حوالے سے دنیا میں چین پہلے نمبر ہے جس نے ابھی تک 1.8 ارب شہریوں کو ویکسین کی خوراک دے دی ہے جبکہ انڈیا 519 ملین افراد کی ویکسینیشن کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے ، اسی طرح یورپی ممالک میں 456 ملین افراد نے ویکسین کی خوراک لے لی ہے۔

دنیا کے 183 ممالک کی فہرست میں پاکستان 17ویں نمبر پر کھڑا ہے، کیونکہ اس نے اب تک 40 ملین خوراکیں لگانے کا ہدف مکمل کر لیا ہے۔ یہ جولائی کے اعداد و شمار کے مقابلے میں 78.18 فیصد اضافہ ہے۔

بلومبرگ کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 7 لاکھ سے زیادہ افراد ویکسین لگوا رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 3 کروڑ 85 لاکھ سے زیادہ افراد کرونا ویکسین کی خوراک حاصل کررہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر