گوجرانوالہ میں دنیا کی سب سے بڑی شجرکاری مہم، بھارت کا ریکارڈ پاش پاش

کارنامے کو انجام دینے میں 12 ہزار 500 طلبہ سمیت 600 اساتذہ اور 6 ہزار ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں نے حصہ لیا تھا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں مختلف اسکولوں کے طلبہ نے دنیا کی سب بڑی شجرکاری مہم کے تحت ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگا کر بھارت سے عالمی ریکارڈ چھین لیا ہے۔

اس کارنامے کو سرانجام دینے کے لیے شہر کے مختلف اسکولوں کے 12 ہزار 500 طلبہ سمیت 600 اساتذہ اور 6 ہزار ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں نے حصہ لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

کیا اگلے چھ ماہ میں پورے پاکستان کو کرونا ویکسین لگ جائے گی؟

ایک منٹ میں سب سے زیادہ پودے لگانے کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

واضح رہے کہ بھارت نے ایک منٹ میں 37 ہزار پودے لگا کر عالمی ریکارڈ بنایا تھا جسے گوجرانوالہ کے طلبہ نے توڑ دیا ہے۔ ریکارڈ ساز کارنامے کے بعد بگل بجائے گئے اور خوشی کا بھرپور اظہار کیا گیا۔ اس سے قبل قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔

طلبہ کی جانب سے 50 ہزار پودے لگانے کے عمل کی فوٹیج ڈرون کیمروں سے بنائی گئی۔ یہ ویڈیوز "گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ” کی انتظامیہ کو بجھوائی جائیں گی۔

طلبہ کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” بہت بہترین گوجرانوالہ۔ طلبہ اور انتظامیہ نے کمال کردکھایا۔ وزیراعظم کے سونامی بلین ٹری منصوبے کے تحت ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگا کر انڈیا کو پچھاڑ دیا۔”

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے طلبہ کی اس کامیابی پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "عالمی ریکارڈ بنانے پر سارے پاکسان کو مبارکباد۔ گوجرانوالہ کے طلبہ نے صرف ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگائے۔ دنیا میں سب سے بڑی شجرکاری مہم کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔”

 

عالمی ریکارڈ بنانے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے گوجرانوالہ کے طلبہ اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ تحاریر