مدد چاہتی ہے یہ حواء کی بیٹی

پولیس نے 14اگست پر گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے بدتمیزی کے واقعے پر 400افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں جشن آزادی 14 اگست کے روز مینار پاکستان ( گریٹر اقبال پارک ) میں منچلوں نے ایک یوٹیوبر  خاتون سے ویڈیو بناتے ہوئے بدتمیزی شروع کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔ پاکستان شوبز انڈسٹری کے ستاروں نے واقعے پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیسے لڑکی کے ساتھ منچلے بدتمیزی کررہے ہیں۔ بدتمیزی پر اترے ہوئے بے شرم لوگوں نے عائشہ اکرم نامی خاتون کے کپڑے پھاڑ ڈالے اور اسے ہوا میں اچھالتے رہے۔

یہ بھی پڑھیے

جونیئر جج کی سپریم کورٹ میں تعیناتی پر عدلیہ میں کشمکش والی صورتحال

واقعے کی فوٹیج وائرل ہونے پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لے لیا ہے، جبکہ متاثرہ خاتون عائشہ اکرم کی مدعیت میں تھانہ لاری اڈا پولیس نے 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

نیوز 360 کو موصول ہونے والی ایف ائی آر کے مطابق خاتون عائشہ اکرام اپنے دو ساتھیوں عامر سہیل اور صدام حسین کے ساتھ مینار پاکستان (گریٹر اقبال پارک) پہنچیں اور ویڈیوز بنانا شروع کر دیں۔ اچانک منچلوں کے ایک گروہ نے خاتون پر ہلہ بول دیا، کپڑے پھاڑے اور انہیں ہوا میں اچھالتے رہے، خاتون اس دوران مدد کے لیے دہائی دیتی رہی جو کسی نے نہ سنی۔

بدتمیزی کے دوران منچلوں نے خاتون کا موبائل فون اور 15 ہزار روپے چھین لیے جبکہ ہاتھ میں پہنی ہوئی انگوٹھی بھی اتار لی گئی ۔ مقدمے میں سرعام خاتون کو برہنہ کرنے اور ہنگامہ آرائی کی دفعات شامل ہیں۔

وزیر اعلیٰ کا نوٹس

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ویڈیوز کی مدد سے ملوث افراد کی نشاندہی کر کے جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے، متاثرہ خاتون کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے، خاتون کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک اور شرم ناک ہے، خاتون کو انصاف دلانا ہماری ذمہ داری ہے۔

دوسری جانب گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے بدتمیزی کے واقعے پر پاکستانی فلم انڈسٹری کے ستاروں نے شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے اداکارہ ماہیرہ خان نے لکھا ہے کہ "مجھے یقین نہیں آرہا جو کچھ میں نے دیکھا ہے!!!! میں پہلے بھی کہہ چکی ہوں اور دوبارہ کہہ رہی ہوں ۔ ان لوگوں کو ایک مثال بنا دیا جانا چاہیے!!”

اداکارہ مشی خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "یہ انتہائی شرم ناک اور ناقابل بیان ہے۔ ان لوگوں پر مقدمہ چلا کر سخت سے سخت سزا دی جائے۔”

گلوکار ہارون شاہد نے ٹوئٹر پر جاتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ "یہ سب ایک خراب روبوٹ کی طرح حرکت کررہے تھے میں کہتا ہوں جیسے ایک خراب روبوٹ کو ڈی ایکٹو کردیا جاتا ہے انہیں بھی ڈی ایکٹو کردیا جائے۔”

متعلقہ تحاریر