معاشرہ عدم برداشت کا شکار، خاتون کی سابق شوہر پر تیزاب گردی

پولیس کے مطابق شبانہ نے کارروائی کے بعد کیس کو الجھانے کی خاطر محمد عثمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی۔

کراچی میں تیزاب گردی کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔ سابقہ اہلیہ نے شوہر پر تیزاب پھینک دیا اور خود ہی مظلوم بن کر مقدمہ درج کرانے تھانے پہنچ گئی۔ پولیس کی تحقیقات میں معاملہ الٹ  نکلا۔

پولیس کے مطابق ناگن چورنگی کے قریب فلیٹ سے محمد عثمان نامی شخص کو جمعرات کی شام سول اسپتال لایا گیا جس کا چہرہ ، ہاتھ اور جسم کے دیگر حصے تیزاب سے جھلسے ہوئے تھے۔ محمدعثمان کے رشتے داروں کا کہنا ہے کہ جمعرات کی دوپہر تین بجے محمد عثمان کو کسی نامعلوم شخص نے موبائل فون پر کال کرکے کام کے سلسلے میں ناگن چورنگی کے قریب ایک رہائشی فلیٹ میں بلایا تھا جہاں اسکی سابقہ بیوی شبانہ بھی موجود تھی۔  رشتے داروں کا دعویٰ ہے کہ شبانہ کو محمد عثمان 9 ماہ قبل طلاق دے چکا لیکن شبانہ دوبارہ شادی کرنے پر اصرار کر رہی تھی۔

رشتے داروں نے الزام عائد کیا ہے کہ محمد عثمان نے انکار کیا جس پر شبانہ نے اسکے چہرے پر تیزاب پھینک دیا، تیزاب کی چھینٹوں سے شبانہ خود بھی معمولی زخمی ہوئی جبکہ محمدعثمان کافی مزاحمت کر کے فلیٹ سے نکل کر ایک رکشے میں اپنی نانی کے گھر پہنچا اور وہاں سے رشتے داروں نے اسے سول اسپتال منتقل کیا، جہاں اسے طبی امداد دی گئی۔

یہ  بھی  پڑھیے

کراچی میں غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے ذریعے جرائم میں اضافہ

عثمان کے رشتے داروں کا کہنا ہے کہ شبانہ جمعرات کو واقعے کے فوری بعد نیوکراچی تھانے پہنچ گئی اور اس نے سارا  الزام اپنے سابقہ شوہر محمد عثمان پر عائد کرتے ہوئے بیان دیا کہ میرے سابق  شوہر نے مجھ پر  تیزاب ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ ایس ایچ اوتھانہ نیو کراچی ندیم احمد کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش اور محمد عثمان کی حالت دیکھ کر یہ ظاہر ہوتا ہے کہ خاتون نے اپنے سابق شوہر پر تیزاب پھینکا ہے اور پولیس کو بھی گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ایس ایچ او کے مطابق محمد عثمان کی حالت ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے پولیس اسکا بیان نہیں لے سکی، تاہم اس کے بیان کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دوسری جانب پولیس نے خاتون کو شامل تفتیش کرلیا ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ مضروب محمد عثمان نے شبانہ سے پسند کی شادی کی تھی اور دونوں ماضی میں ایک ہی  دفتر میں کام کرتے تھے۔

ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ معاشرہ بری طرح سے عدم برداشت کا شکار ہے۔ پہلے تو خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا اور مختلف طریقوں سے ذہنی اذیت میں مبتلا کیا جاتا تھا، لیکن اس کیس میں یہ بالکل مختلف پہلو سامنے آیا ہے کہ سابقہ اہلیہ نے سابق شوہر کو تیزاب گردی کا نشانہ بنادیا ہے۔

متعلقہ تحاریر