رنچھوڑ لائن کی جمیلہ بی بی ہمت، بہادری اور ایمانداری کا پیکر

جمیلہ بی بی گزشتہ 35 سالوں سے موٹر سائیکلوں کے آئل تبدیل کرکے باوقار طریقے سے زندگی گزار رہی ہیں۔

کوئی بھی کام چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا بلکہ کام ہوتا ہے۔ دنیا بدل رہی ہے اب ہر میدان میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی دکھائی دے رہی ہیں۔ ایسی ہی ایک مثال کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن کی رہائشی خاتون جمیلہ بی بی کی ہے، جو موٹر سائیکلوں کے آئل تبدیل کرکے زندگی گزار رہی ہیں۔

باہمت جمیلہ بی بی کے شوہر کا انتقال 35 برس قبل ہوا تھا۔ رشتے داروں کی جانب سے آنکھیں پھیرنے کے بعد انہوں نے موٹر سائیکلوں کا آئل تبدیل کرنے کا کام شروع کیا اور آج اسی کام سے منسلک رہ کر ایک آسودہ زندگی گزار رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

جنید صفدر کی شادی پر تحریک انصاف کے حامیوں کا رنگ میں بھنگ

اُن کے پاس موٹر سائیکل کا آئل تبدیل کروانے کے لیے آنے والوں کا کہنا ہے کہ "جمیلہ بی بی ایک محنتی اور ایماندار خاتون ہیں اور مناسب اُجرت میں یہ کام کرتی ہیں۔”

جمیلہ بی بی کا کہنا ہے کہ "میں یہ کام جوانی سے کررہی ہوں، شروع میں مجھے بہت زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا مگر میں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا کیونکہ مجھے اپنے بچوں کی ایک باوقار طریقے سے پرورش کرنی تھی۔ شروع میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے آئل چینج کیا کرتی تھی مگر اب عمر زیادہ ہو گئی ہے اس لیے صرف موٹر سائیکلوں کے آئل چینج کرتی ہوں۔”

اس حوالے سے سماجی شخصیت کا کہنا ہے کہ کامیابی کسی کی ذاتی میراث نہیں ہے یہ ہر اس انسان کی راہ دیکھ رہی ہوتی ہے جو محنت کے بل بوتے پر آگے بڑھنا چاہتا ہے۔ تاہم وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا ہے یہ چلتا ہی چلے جاتا ہے۔ کامیاب وہی لوگ ہوتے ہیں جو وقت کے پاؤں میں زنجیریں ڈال کر اسے روک لیتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ جمیلہ خاتون جیسی با ہمت خواتین معاشرے میں اُن تمام ٹک ٹاکرز کے منہ پر طمانچہ ہیں جو ٹک ٹاک پر بے ہودہ حرکتیں کرکے معاشرے میں بگاڑ کا باعث بن رہی ہیں۔

متعلقہ تحاریر