میڈیسن مارکیٹ میں تالا توڑ گروپ کی کارروائی، 20 لاکھ لے اڑے

دکانداروں کا کہنا ہے 3 ماہ قبل بھی ہماری مارکیٹ کے گوداموں اور دکانوں میں اسی طرز کی واردات ہو چکی ہے۔

کراچی پولیس چوروں اور ڈکیتوں کو لگام دینے میں بری طرح ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ اتوار کے روز کراچی کی میڈیسن مارکیٹ میں تالا توڑ گروپ نے نقب زنی کی کارروائی کرتے ہوئے 5 دکانوں اور ایک گودام سے 20 لاکھ روپے لوٹ لیے ہیں۔

کراچی میں ایم اے جناح روڈ ڈینسول ہال پر واقع میڈیسن مارکیٹ میں نقب زنی کی واردات میں ملزم متعدد دکانوں اور گودام کے تالے توڑنے کے بعد مبینہ طور پر لاکھوں روپے  نقدی چوری کرکے فرار ہوگئے ہیں، پولیس نے مارکیٹ کے دو چوکیدار اور ساتھیوں کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

معید پیرزادہ انتہاپسند سوچ کے حامل افراد کو سامنے لے آئے

کراچی کی قدیمی ہول سیل میڈیسن مارکیٹ میں نقب زنی کی واردات کا انکشاف پیر کی دوپہر اس وقت ہوا جب حسب معمول دکاندار حضرات مارکیٹ پہنچے۔ دکانداروں نے شٹرز کے تالے ٹوٹے اور کیش کاونٹرز خالی پائے تو مارکیٹ یونین کی مشاورت سے رسالہ ہولیس کو واقعے کی اطلاع دی گئی، جس پر فوری طور پر پولیس موقع پر پہنچی اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔

واردات کی فوٹیجز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں ہیں ، جن میں ایک ملزم کو تالے توڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اس حوالے سے ایس ایچ او رسالہ پولیس اسٹیشن چوہدری عامر اکرام کا کہنا ہے کی میڈیسن مارکیٹ میں نقب زنی کی واردات کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین کو سیل کر کے دستیاب شواہد حاصل کرلیے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ کلوز سرکٹ کیمروں سے بننے والی فوٹیجز بھی حاصل کی ہیں اور اس میں دکھائی دینے والے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزموں نے میڈیسن مارکیٹ کی 5 دکانوں اور ایک گودام کے تالے توڑے تھے ، نقدی مبینہ طور پر صرف دکانوں میں تھی جو ملزم لوٹ کر فرار ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق مارکیٹ کے داخلی دروازوں کے تالے ثابت ہیں جو نہیں توڑے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کا مرکزی راستہ ایم اے جناح روڈ سے ہے اور مین گیٹ بند تھے، مارکیٹ عمارت کی بالائی منزل پر چوکیدار اور ساتھی رہائش پذیر ہیں جنہیں حراست میں لے کر تفتیش کی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق جس جانب سے تالے توڑ کر واردات کی گئی وہ چوکیداروں کی رہائش گاہ کی جانب ہے، پولیس کے مطابق میڈیسن مارکیٹ کے 2 چوکیداروں کی موجودگی کے باوجود واردات کا ہو جانا حیران کن ہے۔

واردات کے حوالے سے ہول سیل کراچی فارما آرگنائزیشن کے سیکریٹری اسلم پولانی کا دعویٰ ہے کہ نقب زنی کی واردات میں ملزم 20 لاکھ روپے سے زائد نقدی لوٹ کر فرار ہوئے ہیں جبکہ 3 ماہ قبل بھی اسی مارکیٹ کے گوداموں اور دکانوں میں اسی طرز کی واردات ہو چکی ہے۔

پولیس کے مطابق میڈیسن مارکیٹ کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے نقصان کا حتمی تخمینہ لگانے کے بعد مقدمہ درج کرانے آئیں گے، تب ہی معلوم ہوسکے گا کہ ملزموں نے کتنی مالیت کی واردات کی ہے۔

پولیس نے مارکیٹ میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کرلی ہیں جن کی مدد سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

متعلقہ تحاریر