بلاول نے سیاسی خلا کو پُرکرنے کے لیےکراچی پر نظریں جمالیں

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور شہریوں سے ان کے مسائل دریافت کیے۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کراچی پر زیادہ توجہ نہ دینے کے باعث پیپلزپارٹی عوام میں مقبولیت حاصل کرنے کی کوششوں میں ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز وزیرعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ حسن اسکوائر، غریب آباد، لیاقت آباد، چونا ڈپو، گولیمار، گلبہار، لسبیلہ، سندھی ہوٹل، پٹیل پاڑہ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے سیوریج سسٹم سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی شہریوں میں گھل مل گئے۔ شہریوں نے بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ سیلفیاں لیں اور انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ بلاول نے حکام کو شہریوں کے مسائل جلد حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کا ایسے وقت میں دورہ کیا ہے جب ملک میں بلدیاتی انتخابات کی باتیں زور پکڑ رہی ہیں۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سمیت تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کراچی پر کوئی زیادہ توجہ نہیں دی جس کا اب پیپلزپارٹی فائدہ اٹھانا چاہ رہی ہے۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد عمران خان نے ایک رات بھی کراچی میں قیام نہیں کیا اور نہ ہی انہوں نے اپنے حلقے سمیت شہر کے کسی علاقے کا دورہ کیا ہے۔ اسی طرح ایم کیو ایم پاکستان کے وزراء بھی کراچی کے عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بلاول بھٹو زرداری کا مقتدر حلقوں کو سگنل

سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق اندرون سندھ کے بعد اب پیپلزپارٹی کی نظریں کراچی کی میئرشپ پر مرکوز ہیں، اسی لیے مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر بنایا گیا ہے تاکہ وہ عوام کے مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے حل کریں اور لوگوں میں مقبولیت حاصل کریں۔

ماہرین کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے بعد اگر ملک میں بلدیاتی انتخابات ہوتے ہیں تو یقیناً اس میں تحریک انصاف کو کراچی سے مایوسی حاصل ہوگی۔ اگر ایم کیو ایم پاکستان اور دیگر جماعتیں بھی عوامی مقبولیت کھو دیتی ہیں تو اس کا فائدہ پیپلز پارٹی کو ہوگا۔

متعلقہ تحاریر