پشاور میں بارش کے بعد مواصلاتی نظام درہم برہم

بارش کے بعد بی آر ٹی اسٹیشن کا انڈر پاس بھی تالاب میں تبدیل ہوگیا۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں موسلا دھار بارش کے بعد سڑکیں تالاب  بن گئیں۔ مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ بی آر ٹی بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز پشاور میں ہونے والی بارش نے صوبائی حکومت کی نکاسی آب کے نظام کی قلعی کھول دی ہے۔ مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے سے مواصلاتی نظام شدید متاثر ہوا ہے۔

بارش کے باعث گل بہار، سیٹھی ٹاؤن، ہشت نگری، فردوس اور شعبہ پل کے قریب پانی جمع ہوگیا۔ اسی طرح بی آر ٹی اسٹیشن کا انڈر پاس بھی تالاب میں تبدیل ہوگیا جس کے باعث انتظامیہ نے بی آر ٹی کو روک دیا۔

یہ بھی پڑھیے

کورنگی کازوے پر پل کی تعمیر2016 سے التوا کا شکار

شہر میں بارش کے بعد شہر کے اطراف میں واقع نشیبی علاقے بھی پانی سے بھر گئے۔ مختلف علاقوں میں شہریوں نے نکاسی آب کے بہتر انتظامات نہ کرنے پر ضلعی اور صوبائی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب پشاور میں بارش کے بعد بجلی کی ترسیل کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ مختلف علاقوں میں رات دیر تک بجلی بحال نہ ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔

Facebook Comments Box