میرپورخاص کا منفرد حلوہ اپنی پہچان آپ

مختلف علاقوں سے لوگ حلوہ خریدنے کے لیے میرپورخاص کا رخ کرتے ہیں۔

پاکستان میں اکثر لوگ مٹھائی بڑے شوق سے کھاتے ہیں، اس لیے کوئی دعوت ہو یا تقریب اگر وہاں میٹھا نہ ملے تو مزہ ہی کرکرا ہوجاتا ہے۔ مختلف علاقوں میں مخصوص قسم کی مٹھائیاں لوگ بڑے پسند سے کھاتے ہیں لیکن سندھ کے شہر میرپورخاص کی سوغات پھوٹے کا حلوہ  کی ایک اپنی پہچان ہے۔

میرپورخاص شہر میں تقسیم ہند سے قبل 1938 میں ایک ہندو تاجر نے مٹھائی کی دکان کھولی تھی جس میں اصلی گھی کے ساتھ لذیذ اور مزیدار مٹھائی بنائی جاتی تھی، پاکستان کی آزادی کے بعد جب ہندو میرپورخاص چھوڑ کر گئے تو انہوں نے یہ دکان پھوٹو نام کے ایک شہری کو دے دی۔

پھوٹو حلوائی دکان کے مالک کا کہنا ہے کہ یہ دکان ان کے دادا کو ایک ہندو تاجر دوست نے دی تھی۔ دادا کے بعد ان کے والد مٹھائی کی دکان چلاتے تھے اور اب وہ اسے برقرار رکھتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تیار کیا گیا حلوہ سندھ سمیت ملک بھر میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

میرپور خاص میں آم کی پیداوار میں کمی

انہوں نے کہا کہ ان کی دکان پر کام کرنے والے کئی ملازمین نے ارد گرد کے شہروں میں اپنی مٹھائی کی دکانیں کھول لیں ہیں جہاں سے وہ اچھا منافع کما رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ فوٹو خان کا حلوہ پورے پاکستان میں مشہور ہے اور یہ چھ ماہ تک خراب نہیں ہوتا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پھوٹو خان کے حلوے کا ذائقہ تبدیل نہیں ہوا اور یہی وجہ ہے کہ آج بھی مختلف علاقوں سے لوگ حلوہ خرید کرنے کے لیے میرپورخاص کا رخ کرتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر