کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات، آزاد امیدوار تیسری قوت بن گئے

206 وارڈز میں سے 52 نشستوں پر آزاد امیدواروں نے اپنی فتح کے جھنڈے گاڑے ہیں۔

گزشتہ روز ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کا عمل مکمل ہو گیا جس کے بعد نتائج کے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا ہے جبکہ خیبرپختون خوا میں پاکستان تحریک انصاف فاتح کے طور پر سامنے آئی ہے، اور 52 نشستوں کے ساتھ آزاد امیدوار تیسری قوت بن کر سامنے آئے ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پنجاب کے 113 وارڈز کے غیرسرکاری نتائج سامنے آ گئے ہیں، جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) 51 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ 32 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے حصے میں 28 نشستیں آئی ہیں۔ جماعت اسلامی کو 2 نشستوں پر کامیابی نصیب ہوئی ہے جبکہ پی پی پی کوئی بھی نشست جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ملک بھر کے 42 کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات جاری

لاہور ، راولپنڈی اور چکلالہ کینٹ میں پی ٹی آئی کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ گوجرانوالہ، بہاولپور ، کھاریاں اور جہلم میں پی ٹی آئی کامیاب قرار پائی ہے۔

کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات لاہور نے اپنا فیصلہ شیر کے حق میں سنایا، تحریک انصاف کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور کی 20 نشستوں میں سے 15 پر ن لیگ فاتح، تحریک انصاف 3 جبکہ ایک آزاد امیدوار کامیاب اور ایک نشست ملتوی ہو گئی۔

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کسی کو خوش تو کسی کورنجیدہ کرگئے، برسراقتدار پارٹی کے امیدوار کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں زیادہ نشستیں حاصل نہ کرسکے، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق لاہورکنٹونمنٹ بورڈ کے انیس وارڈز میں سے ن لیگ نے پندرہ تشستوں پر میدان مار لیا، پاکستان تحریک انصاف نے تین تشستوں پر مخالف حریف کو شکست دی جبکہ ایک نشست آزاد امیدوار لے اڑا۔۔۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع لاہور میں شیر نے میدان مار لیا۔ حکمران جماعت کو شکست کا سامنا رہا۔ لاہور والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے مکمل سرکاری اور حتمی نتائج کا اعلان ریٹرننگ آفیسر نے کردیا۔ نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کا والٹن کنٹونمنٹ میں کلین سویپ کیا۔

کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے انتخابات میں مسلم لیگ نون نے سب سے زیادہ 6 نشستیں حاصل کیں۔ جبکہ آزاد امیدواروں نے 2 اور پاکستان تحریک انصاف کا ایک امیدوار کامیاب ہوا۔

سندھ کے دارالحکومت کراچی کے 6 کنٹونمنٹ بورڈز کے 42 وارڈز پر پاکستان تحریک انصاف 14 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی نے 11 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ جماعت اسلامی نے 6 ، ایم کیو ایم نے 3 ، مسلم لیگ (ن) نے 3 اور آزاد امیدواروں نے 6 نشستوں پر اپنی فتح کے جھنڈے گاڑے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) نے اپنے گڑھ لاہور کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں میدان مارلیا ہے۔ غیرسرکاری اور غیرحتمی نتائج کے مطابق ن لیگ نے 15 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے حصے میں صرف 3 نشستیں آئی ہیں۔

خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور میں کنٹونمنٹ بورڈز کی کل 5 نشستیں ہیں جن میں سے پی پی پی 2 ، پی ٹی آئی 1 ، اے این پی 1 اور آزاد امیدوار ایک نشست پر کامیاب قرار پائے ہیں۔

دوسری طرف کے پی کے کے 38 حلقوں میں سے 20 پر پاکستان تحریک انصاف کامیاب قرار پائی ہے، جبکہ آزاد امیدوار نے 6 نشستوں پر فتح سمیٹی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پنجاب میں مسلم لیگ ن کی فتح پر خوشی کا اظہار  کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام لکھا ہے کہ ہماری کامیابی عوام کے مسلم لیگ (ن) پر بھروسے اور یقین کا ثبوت ہے۔

نیوز 360 کے نمائندگان کراچی سے عبدالقادر منگریو، لاہور سے دانیال راٹھور ، پشاور سے احتشام آفریدی اور اسلام آباد سے جاوید نور نے مذکورہ خبر میں اپنا اپنا حصہ ڈالا ہے۔

متعلقہ تحاریر