وزیر دفاع کے بھائی لیاقت خٹک کا اپنے عہدے سے استعفے کا فیصلہ

ایم پی اے لیاقت خٹک کا کہنا ہے جلد دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

خیبرپختون خوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اندرونی خلفشار کا شکار دکھائی دے رہی ہے۔ وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی ایم پی اے لیاقت خٹک نے پارٹی اور اسمبلی رکنیت سے استعفے کا اعلان کردیا ہے۔  

نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک کے بھائی ممبر صوبائی اسمبلی لیاقت خٹک کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے رہے ہیں اور مشاورت کے بعد بہت جلد دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

وزیر اعظم عمران خان کے ٹی ٹی پی سے متعلق خدشات درست ثابت

لیاقت خٹک کا کہنا تھا کہ میں پارٹی کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ جو دعوے کرتے ہیں کہ ضلع ان کے ساتھ ہے ۔ میں بتاؤں گا کہ ضلع کے لوگ کس کے ساتھ ہیں۔

ایم پی اے لیاقت خٹک نے اپنے ہی بھائی وزیر دفاع پرویز خٹک کو بڑا چیلنج بھی دے ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے حلقے کا ایم این اے مستعفی ہوکر میرے ساتھ الیکشن لڑ کر دکھا دے۔ نوشہرہ کے عوام کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں وزیر موصوف پارٹی کے لیے ووٹ خریدتے رہے۔

استعفے سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے لیاقت خٹک کا کہنا تھا کہ جو فنڈز مجھے ملنے چاہئیں وہ غیرمنتخب لوگوں کے ذریعے تقسیم کیے جارہے ہیں، اور بدنام میں ہورہا ہوں۔ تمام صوبائی فنڈز میرے مشورے کے بغیر استعمال ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے ڈپٹی کمشنر سے بات کی ، ایکسین سے بات کی ، ٹی ایم او سے بات کی، انہوں نے جواب دیا ہم کچھ نہیں کرسکتےہیں ہمیں اوپر سے احکامات آئے ہیں۔ تو کیا میں صرف تنخواہ کے لیے بیٹھا ہوا ہوں۔ اللہ کا فضل ہے مجھے تنخواہ کی ضرورت نہیں ہے ، میں جلد بہت بڑا جلسہ کرکے اپنے عہدے سے استعفیٰ دوں گا۔

کنٹونمنٹ انتخابات کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے لیاقت خٹک کا کہنا تھا کہ سرکاری افسران باقاعدہ طور پر انتخابی مہم میں بیٹھے۔

واضح رہے کہ رواں سال مئی میں لیاقت خٹک نے پارٹی قیادت سے اصولی اختلافات کی بنا پر پارٹی عہدے اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کی دھمکی دی تھی۔

متعلقہ تحاریر