محمد زبیر ترجمان نہیں مریم نواز کی مجبوری ہیں
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق سابق گورنر سندھ مقتدر حلقوں ، نواز شریف اور مریم نواز میں پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔
سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سابق گورنر سندھ محمد زبیر کو مبینہ غیراخلاقی ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے باوجود اپنا ترجمان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نائب صدر ن لیگ کا کہنا ہے کہ انہیں محمد زبیر کی ذاتی زندگی سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ مریم نواز نے محمد زبیر پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ویڈیو کے بدلے ویڈیو لیک ہوگی، صفدر اعوان کی دھمکی
سابق گورنر سندھ کی مبینہ غیراخلاقی ویڈیو سے متعلق بیان دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ "یہ ان کا اور اللہ کا معاملہ ہے ہمیں کسی کی ذاتی زندگی میں دخل دینے کا کوئی حق نہیں ہے۔”
ایک سوال کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا میرے پاس کسی کی کوئی ویڈیو نہیں ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی جانب سے سابق گورنر سندھ کو ترجمان رکھنے کی دو وجوہات بڑی واضح ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سابق گورنر سندھ محمد زبیر مقتدر حلقوں ، نواز شریف اور مریم نواز کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ کیونکہ وہ مقتدر حلقے کے دل کے بہت قریب رہتے ہیں۔
دوسری وجہ یہ ہےکہ جب مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف جب مقتدر حلقوں سے ملاقات کرتے ہیں تو وہ اس کی بریفنگ میڈیا کو دیتے ہیں، تاہم مقتدر حلقے اور شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات کے اندر کی کیا کہانی تھی اس کی تفصیلات محمد زبیر ، مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف اور مریم نواز کو بریف کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ نواز شریف کی ہدایت پر سابق گورنر سندھ نے کچھ عرصہ قبل مقتدر حلقے کے سربراہ سے ملاقات کی تھی جس کی بعد میں انہوں نے تردید کردی تھی تاہم ادارے نے ملاقات سے متعلق وضاحتی بیان جاری کیا تھا کہ ملاقات ہوئی ہے۔