سمندری طوفان شاہین ایڈمنسٹریٹر کراچی کے لیے اصل امتحان

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ کسی بھی وقت سائیکلون کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود ہوا کا کم دباؤ سمندری طوفان میں بدل رہا ہے۔ سمندری طوفان ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے لیے اصل امتحان ہے، کیونکہ کئی دہائیوں کے بعد کوئی طوفان کراچی کے ساحلوں سے ٹکرائے گا۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بحیرہ عرب میں  موجود ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن میں تبدیل ہو کر سمندری طوفان شاہین میں تبدیل ہو سکتا ہے کہ جس کے باعث سندھ کے ساحلی شدید بارشوں سے متاثر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے

طوفانی بارش کا امکان، سندھ حکومت کے ہاتھ پاؤں پھول گئے

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا طاقتور سسٹم کراچی ، حیدر آباد ، ٹھٹھہ ، بدین اور دیگر ساحلوں شہروں کی جانب بڑھ رہا ہے۔ جس کی وجہ سے اربن فلڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی گجرات سے آنے والا ہوا کا کم دباؤ کسی بھی وقت سائیکلون کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات اور حکومت سندھ نے ایسی صورتحال میں عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی۔ سندھ حکومت کا کہنا ہےکہ شہری گھروں سے نکلتے ہوئے احتیاط کریں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔

محکمہ موسمیات نے کراچی شہر کے اندر 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے چلنے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ 100 سے 160 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں 2 سے 3 اکتوبر تک جاری رہ سکتی ہیں جس کے باعث کراچی ، حیدر آباد ، سانگھڑ ، بدین اور ٹھٹھہ میں اربن فلڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے سمندری طوفان شاہین کے خدشے کے پیش نظر ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں جانے سے روک دیا ہے، جس کے سبب ماہی گیروں نے اپنی کشتیاں ساحل پر لنگرانداز کردی ہیں۔

سمندری طوفان مرتضیٰ وہاب

گذشتہ روز شہر کراچی میں چلنے والی تیز ہواؤں  اور بارش کے سبب فیئرر ہال کے قریب ایک کھمبہ سڑک کنارے کھڑی کار پر گر گیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہے۔

ادھر راشد مہناس روڈ گلشن اقبال میں تیز ہواؤں کے سبب دو کھمبے گر گئے۔ جنہیں انتظامیہ نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے کلیئر کردیا ہے۔

سمندری طوفان شاہین اور بارشوں کے خدشے کے پیش نظر ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رات گئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں سے نکاسی آب کے لیے اٹھائے اقدامات کا جائزہ لیا۔

وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے سندھ میں بارشوں کے خدشے کے پیش نظر آج عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

اس موقع پر مرتضیٰ وہاب نے بلدیاتی اداروں کے اہلکاروں اور اعلیٰ حکام کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایات جاری کیں۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا تھا کہ پچھلے سال کی بارشوں سے بہت کچھ سیکھا ہے اور خامیوں کو دیکھتے ہوئے پہلے سے کام شروع کردیے ہیں۔ نیوکراچی ، نارتھ کراچی ، ناگن چورنگی اور پاپوش نگر سے نکاسی آب کے لیے انتظامات کرلیے گئے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کئی دہائیوں کے بعد کوئی سمندری طوفان کراچی کی جانب بڑھ رہا ہے اس ساری صورتحال میں ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ذمے داری بڑھ جاتی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ اس مشکل صورتحال سے کیسے نمٹتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر