کیا ن ، ش کو زیر کرنے وطن واپس آرہے ہیں؟
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی پارٹی کے اندر پوزیشن بہت مضبوط ہو گئی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ پارٹی کے تاحیات قائد نواز شریف جلد پاکستان آرہے ہیں۔
92 نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف بھرپور تحریک شروع کرنے جارہے ہیں جس کو لیڈ نواز شریف کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے
برطانوی اخبار نے عمران خان کو مضبوط اور مقبول ترین لیڈر قرار دے دیا
اینکر کے سوال کے جواب میں ایاز صادق کا کہنا تھا ابھی تو دسمبر بہت دور ہے وہ پہلے بھی آسکتے ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بنیادی طور پر ایاز صادق، شہباز شریف کے کیمپ کے آدمی ہیں اور وہ کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف واپس آرہے ہیں تو اس کا مطلب ہےکہ وہ واقعی واپس آرہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے واپس آنے کی دو وجوہات ہو سکتی ہیں یا یہ کہ ملک میں انتخابات ہونے والے ہیں یا پھر کیسز کا سامنا کرنے آرہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد کی صاحبزادی مریم نواز اپنے والد کے بیانیے کو لے کر تو چل رہی ہیں مگر وہ عمر اور تجربے میں شہباز شریف سے بہت کم ہیں۔ اور ویسے بھی اس وقت شہباز شریف کی پارٹی کے اندر پوزیشن بہت مضبوط ہو گئی ہے۔ پارٹی کے بہت سارے لوگ جو نواز شریف کے کیمپ کے تھے اب شہباز شریف کے بیانیے کا ساتھ دے رہے ہیں ، جیسے خواجہ سعد رفیق ، خواجہ محمد آصف اور رانا تنویر اڑ کر شہباز شریف کے کیمپ میں چلے گئے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر اس ساری صورتحال کا بغور جائزہ لیا جائے تو ایسے لگتا ہے کہ نواز شریف کیسز کا سامنا کرنے نہیں بلکہ اپنے بھائی شہباز شریف کو کاؤنٹر کرنے آرہے ہیں۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے کچھ روز قبل یہ بیان سامنے آیا تھا کہ ان کے والد اس سال دسمبر تک وطن واپس آجائیں گے۔