پی ایم اے کاکول میں مختلف کورسز کی پاسنگ آوٹ پریڈ
پی ایم اے میں مختلف کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی میں مختلف کورسزکی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد تقریب کے مہمان خصوصی تھے، انہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا اور کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پی ایم اے کاکول میں مختلف کورسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، 144 ویں لانگ کورس، 63 ویں انٹگریٹڈ کورس، تیسرے بنیادی ملٹری ٹریننگ کورس اور 18 ویں لیڈی کیڈٹس کورس مکمل کرنے والے کیڈٹس پاس آؤٹ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے
ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی، نام نہاد جمہوریت پسند صحافی سازش پر اتر آئے
وطن کی خاطر لسانی اور گروہی تعصب سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا، آرمی چیف
پاس آؤٹ ہونے والوں میں آذربائیجان، بحرین، عراق، سعودی عرب اور سری لنکا کے کیڈٹس بھی شامل تھے، سعودی چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد نے تقریب کے آغاز میں پریڈ کا معائنہ کیا اور بعدازاں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کئے۔
بٹالین سینئر انڈر آفیسر عثمان انور نے اعزازی شمشیرحاصل کی جبکہ بٹالین سینئر انڈر آفیسر حمزہ نذیر نے صدارتی گولڈ میڈل حاصل کیا۔
سری لنکا کے سینئر انڈر آفیسر وان سنگلے ارچگے کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔
سعودی عرب کے جونئیر انڈر آفیسر رفیق عبداللہ الجنید کو کمانڈنٹ میڈل، کورس انڈر آفیسر وقار احمد اور کورس انڈر آفیسر حسن ابرار نے چیف آف آرمی سٹاف چھڑی حاصل کی۔
کورس انڈر آفیسر حنا بخاری اور کورس انڈر آفیسر حور فاطمہ کو کمانڈنٹ کی اعزازی چھڑی سے نوازا گیا۔
پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارتوں اور پی ایم اے میں تربیت کے اعلی معیار کو سراہا۔
اس موقع پر کورس انڈر آفیسر حور فاطمہ نے کہا کہ پاکستان آرمی خواتین کو بہترین مواقع فراہم کرتی ہے، اس وقت پاک فوج میں 23 فیصد خواتین شامل ہیں جو کہ کیپٹن کے عہدے سے لے کر لیفٹیننٹ جنرل تک خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔
سری لنکا کے سینئر انڈر آفیسر وانگ سنگلے نے اپنے پیغام میں اردو زبان میں بات کی، انہوں نے کہا کہ "مجھے آپ سب کی بہت یاد آئے گی، آپ کی مہمان نوازی کا بہت شکریہ”۔