کیا سویلین اور فوجی قیادت نے بیچ کا راستہ نکال لیا؟

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے لیے قانونی طریقہ اپنایا جائےگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے مشاورت کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے لکھا ہے کہ ” وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان نئے DG ISI کی تقرری پر مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور نئی تقرری کا پراسس شروع ہو چکا ہے، ایک بار پھر سول اور فوجی قیادت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ملک کے استحکام، سالمیت اور ترقی کیلئے تمام ادارے متحد اور یکساں ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

حکومت بچانے کے لیے مودی کالا قانون استعمال کرنے لگا

گزرا 12 اکتوبر بہت سوں کی امیدوں پر پانی پھیر گیا

واضح رہے کہ گزشتہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا تھا کہ "نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی وزیراعظم کا صوبدیدی اختیار ہے، اور اس کے لیے قانونی طریقہ اختیار کیا جائے گا۔

وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ہونے والی ملاقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ "گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے درمیان طویل مشاورتی ملاقات ہوئی۔ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی تھی۔ دونوں اطراف سے کوئی ایسا بیان نہیں دیا گیا جس سے ملک اور فوج کے وقار میں کمی ہو۔

آئی ایس پی آر کے 6 اکتوبر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی جگہ ڈی جی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) جبکہ فیض حمید پشاور کور کمانڈر کی حیثیت سے کمان سنبھالیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے 8 اکتوبر کو قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کا اجلاس طلب کیا جس میں لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے بطور ڈی جی آئی ایس آئی بھی شرکت کی تھی۔

یہ بات سامنے آئی تھی کہ وزیر اعظم افغانستان کے موجودہ حالات کی وجہ سے جنرل فیض حمید کو ڈی جی کے طور پر رکھنا چاہتے تھے۔

حکومت اور فوج کے درمیان اس مسئلے پر اختلافات واضح تھے تاہم عمران خان نے کل اپنی کابینہ کو ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے حوالے سے اعتماد میں لیا تھا۔

تاہم وفاقی وزیر فواد چوہدری کے ٹوئٹ سے ایسا لگتا ہے کہ "چیف آف آرمی اسٹاف اور وزیراعظم عمران خان نے نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے حوالے سے کوئی درمیانی راستہ تلاش کرلیا ہے۔”

متعلقہ تحاریر