ہرنائی میں سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن ، 6 دہشتگرد ہلاک
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے علاقے سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے جمبورو میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر دہشتگردوں کے ٹھکانے پر سرچ آپریشن کیا۔
یہ بھی پڑھیے
کالعدم تحریک اور حکومت کے درمیان برف پگھلنے لگی
کالعدم ٹی ایل پی کا لانگ مارچ، حکومت سر جوڑ کر بیٹھ گئی
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ سیکورٹی فورسز کے پہنچتے ہی دہشگردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی تاہم فورسز کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں 6 دہشتگرد موقع پر ہلاک ہو گئے۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے 6 دہشتگردوں میں سے ایک دہشتگرد کا تعلق کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی سے ہے جس کی شناخت طارق عرف ناصر کے نام سے ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے دہشتگردوں کے خاتمے تک علاقے میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن جاری رہے گا۔