جنسی زیادتی کے مجرم کو نامرد کرنا غیراسلامی ہے،اسلامی نظریاتی کونسل

اسلامی نظریاتی کونسل نے ملتان میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوس میں حورِ جنت بنانے والوں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل نے ملتان میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوس میں حورِ جنت بنانے والوں کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کردیا جبکہ کونسل نے جنسی زیادتی کے مجرم کی آختہ کاری(نامرد کیے جانے) کو غیر اسلامی قرار دے دیا ہے۔

ترجمان اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق کونسل کے دو روزہ اجلاس میں فوج داری قانون (ترمیمی) آرڈیننس 2020ء پر غور کیا گیا اور کونسل نے قرار دیا کہ جنسی زیادتی کے مجرم کی آختہ کاری یعنی نامرد بنانے کا قانون غیر اسلامی ہے کونسل نے رائے دی کہ اس قانون کی جگہ متبادل مؤثر سزائیں تجویز کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیے

کالعدم ٹی ایل پی کا معاملہ، عامر لیاقت کی حکومت کو ثالثی کی پیش کش

پاکستانی طالبان سے مذاکرات کی ضرورت نہیں، ملالہ یوسفزئی

حور جنت بنانے جیسے واقعات کا انسداد ، ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔ کونسل

اسلامی نظریاتی کونسل نےملتان میں عید میلاد النبیﷺ کے دوران جلوس میں حورِ جنت کے نام پر کئے جانے والے عمل کو نامناسب قرار دیا اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی تحقیقات کرکے ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے اور آئندہ کے لیے ایسی نامناسب حرکتوں کے انسداد کو یقینی بنایا جائے۔

مدارس اور جامعات میں غیراخلاقی اور جنسی زیادتی کے واقعات پر اظہار تشویش

اسلامی نظریاتی کونسل نے دینی مدارس اور عصری تعلیمی ادارے اور جامعات سے متعلق غیراخلاقی اور جنسی زیادتی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں دینی اور عصری تعلیمی اداروں میں اخلاقی اقدار کی بحالی کے لیے دینی مدارس کے وفاقوں اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، وفاقی وزارت تعلیم اور صوبائی تعلیم کی وزارتوں کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا جس میں  ایچ ای سی اور وزارتوں کو تعلیمی اداروں میں اخلاقی اقدار کی پاس داری اور جنسی ہراسانی کے انسداد کے متعلق جامع لائحہ عمل اختیار کرنے کے لیے قومی تعلیمی کانفرنس بلانے کی تجویز دی جائے گی۔  کونسل نے وفاق ہائے مدارس کو بھی خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا، جس میں ان پر زور دیا جائے گا کہ وہ مدارس میں اس موضوع پر کھلے مکالمے اور مباحثے کی ابتداء کریں اور مفتی محمد تقی عثمانی اور دیگر جید علماء کرام اس کی شروعات کریں، کیونکہ اس مسئلے کو دبانا حل نہیں بلکہ اس پر غور و فکر کر کے انسدادی لائحہ عمل بنانا ہی حل ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل نے رویت ہلال بل کی حمایت کر دی۔

رؤیت ہلال پر قانون سازی کے بل کی کونسل نے تائید کی اور تجویز دی کہ صوبہ  خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں رؤیت ہلال کے حوالے سے تربیتی سیشنز کا انعقادکیا جائے۔

تعلیمی اداروں میں عربی کے ساتھ چینی زبان بھی پڑھائی جائے۔کونسل کی سفارش

تعلیمی اداروں میں عربی لازم کرنے کے بل 2020ء  کی تائید کرتے ہوئے کونسل نے  قرار دیا  کہ عربی زبان کی تدریس کے لیے اقدامات کرنا دینی اور آئینی تقاضا ہے۔ کونسل نے یہ بھی تجویز دی کہ ثانوی تعلیمی اداروں میں بطور اختیاری مضمون فارسی ، ترکی اور چینی زبان کو بھی نصاب میں شامل کیا جائے۔

رحمۃ اللعالمین اتھارٹی مستحسن قدم قرار

صوبہ خیبر پختون خوا میں تنازعات کے متبادل حل کے لیے مسودہ بل (ADR)  میں کونسل  نے  تائید کرتے ہوئے چند ترامیم کی سفارش کی۔

اسلامی نظریاتی کونسل نے رحمۃ للعالمین اتھارٹی کے قیام کو ایک مستحسن قدم قرار دیا اور وزیر اعظم پاکستان کے اس اقدام کو دور رس مثبت نتائج کا پیش خیمہ قرار دیا۔

دینی مدارس میں قرآنی گارڈنز بنائے جائیں۔کونسل

مارگلہ کی پہاڑیوں پر  جنگل میں آگ لگنے کے واقعات پر کونسل نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ حکومت اور سی ڈی اے ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ کونسل نے آئمہ کرام سے بھی اپیل کی کہ وہ مساجد میں ماحولیات اور شجرکاری کے حوالے سے خطبات جمعہ اور دروس میں اسلامی تعلیمات بیان کریں۔ دینی مدارس میں گلشن قرآنی (قرآنی گارڈنز) متعارف کرائے جائیں اور مدارس و مساجد کے خالی رقبوں میں  قرآنک گارڈنز قائم کئے جائیں۔ مارگلہ پہاڑیوں پر آگ لگنے کے واقعات کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کو سخت سزائیں دی جائیں۔

متعلقہ تحاریر