کالعدم تنظیم کا مارچ، وفاقی وزرا کے متضاد بیانات

مفتی منیب الرحمان نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے فواد چوہدری اور شیخ رشید کو منافق قرار دے دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کالعدم تنظیم کے اسلام آباد کی جانب مارچ اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر ٹویٹ کے ذریعے اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے احتجاج اور کالعدم جماعتوں کے احتجاج میں فرق ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے half baked intellechawals کالعدم جماعت کی دہشتگردی کو سیاسی معاملے کہہ رہے ہیں۔

ان کی اس ٹویٹ کے جواب میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے لکھا کہ ہاف بیکڈ انٹیلیکچوئلز کا تو علاج ممکن ہے لیکن مطمئن اور پیدائشی انٹلیک چولوں کا علاج ابھی تک دریافت نہیں ہوا۔

دوسری طرف مفتی منیب الرحمان نے دنیا نیوز کے پروگرام میں مجیب الرحمان شامی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری اور شیخ رشید کو منافق کہہ دیا، انہوں نے کہا کہ دونوں وزرا آگ کو ٹھنڈا کرنے کے بجائے اس پر تیل ڈال رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

حکومت کالعدم ٹی ایل پی کے معاملے پر سنجیدہ نہیں، کامل علی آغا

کالعدم ٹی ایل پی کا معاملہ، عامر لیاقت کی حکومت کو ثالثی کی پیش کش

پی ٹی آئی کے ہی کئی رہنما یہ کہہ چکے ہیں کہ کالعدم تنظیم فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کا کوئی مطالبہ نہیں کر رہی بلکہ وہ چاہتی ہے کہ اس کے سربراہ سعد رضوی کو رہا کیا جائے۔

حکومتی وزرا کے بیانات سے ایسا لگ رہا ہے کہ معاملات غلط سمت میں جا رہے ہیں، گزشتہ روز فواد چوہدری اور شیخ رشید نے دھواں دار پریس کانفرنسز کی تھیں۔

اس کے بعد حکومتی وزرا کے بیانات میں تضادات اور کالعدم تنظیم سے ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات میں ابہام پایا جاتا ہے، ایک وزیر کہتا ہے سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ کیا گیا تو دوسرا کہتا ہے ایسا کچھ نہیں ہوا۔

اربابِ اختیار کو اس ضمن میں فوری طور پر نوٹس لے کر معاملات سنبھالنے چاہئیں اور فی الوقت ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومتی وزرا کو میڈیا پر آ کر بیان بازی سے روکا جائے اور صورتحال کو قابو میں لایا جائے۔

متعلقہ تحاریر