وزیر داخلہ شیخ رشید کا کالعدم تنظیم سے دوبارہ مذاکرات کا عندیہ

وزیراعظم ایک دو روز میں قوم سے خطاب کریں گے عمران خان کا بیانیہ قوم کا بیانیہ ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ معاملات خوش اسلوبی سے طے ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مارچ روکنا اور مذاکرات کے نتائج دیکھنا چاہتے ہیں۔

شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کالعدم ٹی پی ایل کے واٹس ایپ گروپ بھارت ، جنوبی کوریا ، امریکا اور برطانیہ سے چلائے جارہے ہیں۔ پاکستان سے چلنے والے کالعدم ٹی ایل پی کے واٹس ایپ گروپ کے خلاف ایف آئی اے کام کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے، شیخ رشید احمد

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جو دو گھنٹے تک جاری رہا ، وزیراعظم ایک دو روز میں اجلاس کے حوالے سے قوم سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم قوم سے خطاب میں ساری صورتحال قوم کے سامنے رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پنجاب میں کل سے پولیس کو رینجرز کے ماتحت کردیا ہے۔ حکومت کی رٹ کو قائم رکھا جائے گا۔ اگر معاملات کسی نتیجے تک نہ پہنچے تو کچھ نہیں کہہ سکتے۔

ہنگامہ آرائی کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے حوالے سے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اب تک چار پولیس اہلکار شہید اور 80 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ شام کو امید ہے کالعدم تنظیم کے ساتھ دوبارہ مذاکرات شروع ہو جائیں۔

سعد رضوی کے حوالے سےگفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سعد رضوی جہاں بھی ہیں خیریت سے ہیں ان کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔

متعلقہ تحاریر