اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط

اسد قیصر نے قائد حزب اختلاف سے وسیع تر عوامی مفاد میں مختلف بلز پر مشاورتی عمل شروع کرنے کا کہنا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اپوزیشن اور حکومت کو وسیع تر قومی مفاد کو مدنطر رکھتے ہوئے مشترکہ مفادات کی تمام اہم اصلاحات پر پارٹی سیاست سے بالاتر ہو کر جامع فیصلہ سازی اور اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے آگے بڑھنا چاہئے۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو لکھے گئے خط کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وسیع تر عوامی مفاد میں الیکشنز (ترمیمی) بل 2021 سمیت مختلف بلز پر دوبارہ مشاورتی عمل شروع کرنے اور قانون سازی کیلئے تشکیل دی گئی متفقہ کمیٹی کے فورم کو بروئے کار لایا جائے۔

یہ بھی پڑھیے

کیا پیپلز پارٹی پی ڈی ایم میں شامل ہونے جارہی ہے؟

سپریم کورٹ نے تجوری ہائٹس کو گرانے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا

اسد قیصر نے شہباز شریف پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر
GOOGLE

انہوں نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ مختلف بلز بشمول الیکشنز (ترمیمی) بل 2021 قومی اسمبلی سے پاس ہو چکے ہیں لیکن مقررہ وقت میں سینیٹ سے منظور نہ ہوسکے، مذکورہ بل مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) کے مشترکہ اجلاس میں زیر غور آنے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید لکھا ہے کہ ان بلوں پر غور کرنے اور ترامیم تجویز کرنے کیلئے حکومت اور اپوزیشن کے اتفاق رائے سے قانون سازی سے متعلق متفقہ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی،  کمیٹی کی طرف سے مشاورتی عمل مکمل نہیں ہو سکا۔

خط میں امید کا اظہار کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا ہے کہ امید ہے اپوزیشن لیڈر اس عمل کو بامقصد بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ سپیکر آفس مذکورہ بلوں پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں حکومت اور اپوزیشن کو سہولت فراہم کرے گا۔

متعلقہ تحاریر