انسانی حقوق کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع
ایم این اے لال مالہی کا کہنا ہے کہ ناظم جوکھیو اور فہمیدہ سیال کے قتل میں ایم پی اے اور ایم این اے ملوث ہیں۔
ناظم جوکھیو اور فہمیدہ سیال کے قتل کے واقعات پر تحریک انصاف کے اراکین نے قومی اسمبلی میں انسانی حقوق کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کرا دی ہے۔
ریکوزیشن انسانی حقوق کمیٹی کے رکن ایم این اے لال مالہی ، غزالہ سیفی ، عطا اللہ خان ، سیف الرحمن اور دیگر نے جمع کرائی ہے۔ ریکوزیشن کے بعد کمیٹی کا اجلاس 14 دن میں بلایا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
اسلام آباد میں سیاسی کچھڑی پک رہی ہے
محکمہ بلدیات میں بڑے پیمانے پر افسران عہدوں سے فارغ
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں انسانی حقوق کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہیں.
ایم این اے لال مالہی کا کہنا ہے کہ سندھ میں انسانی حقوق کی صورتحال خراب ہے، بلاول زرداری اسلام آباد سے نیویارک تک انسانی حقوق کی مثالیں دیتے ہیں۔
لال مالہی نے کہا کہ سندھ میں جرگے اور ماورائے عدالت قتل ہورہے ہیں، سندھ کے ایم پی اے اور ایم این اے نے ناظم جوکھیو اور فہمیدہ سیال کا قتل کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول زرداری انسانی حقوق کی کمیٹی کے چئیرمین ہیں، سندھ میں انسانی حقوق کے قانون کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔
ایم این اے لال مالہی نے کہا کہ بلاول سندھ میں انسانی حقوق کے مسائل پر بات کرنے سے گریز کرتے ہیں، بلاول 14 روز میں اس مسئلے کو اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس بلائیں، امید کرتے ہیں کہ بلاول زرداری ناظم جوکھیو اور فہمیدہ سیال کو انصاف دلائیں گے۔