فضل الرحمان نے حکومت کو ناجائز اور نااہل قرار دے دیا
فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر اس حکومت کو سمندر برد نہیں کیا تو ملکی کی سلامتی کو خطرات لاحق ہوں گے
مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہم نے پہلے دن ہی کہا تھا کہ یہ حکومت ناجائز اور نا اہل ہے، جو حکومت قوم کی رسوائی کا سبب بنے اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
کراچی میں ریگل چوک پر مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر اس حکومت کو سمندر برد نہیں کیا تو ملکی کی سلامتی کو خطرات لاحق ہوں گے، تحریک انصاف کی حکومت ووٹ چوری کرکے اقتدار میں آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مزاحمت نہیں "مفاہمت”، مولانا فضل الرحمان کو بات سمجھ آگئی!
مولانا فضل الرحمٰن کی دعوت رجوع پر پیپلزپارٹی کی خاموشی
انھوں نے کہا کہ نا اہل حکمران بھیک مانگ کر دن رات گزار رہے ہیں، دنیا بھر میں 22 کروڑ عوام کی رسوائی ہورہی ہے، جو حکومت قوم کی رسوائی کا سبب بنے اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے ، ہم نے پہلے دن ہی کہا تھا کہ یہ حکومت ناجائز اور نا اہل ہے۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ غربت سے تنگ عوام نے پارلیمنٹ باہر اپنے لخت جگروں کو فروخت کررہے ہیں یہ حکومت ملک کو تباہی کی طرف لے جارہی ہے، ملک میں مزدور، دکاندار اور ملازمت پیشہ لوگ حکومت سے مایوس ہوچکےہیں ، ہم ملک کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، اس حکومت کو سمندر برد نہ کیا تو ملک کی سلامتی کا سوال پیدا ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ معیشت مستحکم ہونے سے ہی قومیں مضبوط ہوتی ہیں، تاریخ گواہ ہے جہاں اقتصادی بحران آیا وہاں بغاوت نے جنم لیا۔