اوورسیز پاکستانیوں نے الیکشن کمیشن سے ووٹ کا حق مانگ لیا

پاکستان اوورسیز فورم نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے مظاہرہ اور یاداشت پیش کی۔

پاکستان اوورسیز فورم نے ووٹ کا حق ملنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ سے پاس ہونے والے قانون کے تحت 90 روز کے اندر اقدامات کریں جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانی ووٹ کا حق استعمال کرسکیں۔

پاکستان اوورسیز فورم کی جانب سےاسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کیا گیا اور ریلی نکالی گئی اس موقع پر پاکستان اورسیز فورم نے الیکشن کمیشن کے حکام کو یادداشت بھی پیش کی۔

یہ بھی پڑھیے

قصور میں زیرحراست ملزمہ پر تشدد، سب انسپیکٹر اور لیڈی کانسٹیبل فارغ

نسلہ ٹاور کو روایتی طریقے سے گرانے کا عمل شروع

اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین اوورسیز فورم شاہد رضا رانجھا کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم عمران خان اور ان کے اتحادیوں کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانے پر ان کے شکر گزار ہیں۔ بعض جماعتیں اس حوالے سے بدگمانی پیدا کر رہی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ نے جو قانون منظور کیا ہے اس کے تحت الیکشن کمیشن اوورسیز پاکستانیوں کو  90 دن کے اندر ووٹ کا حق دے تاکہ ہم ضمنی الیکشن میں حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو روایتی کاغذی ووٹ ،انٹرنیٹ یا الیکٹرانک ووٹنگ مشین سمیت جس بھی ذریعے سے ووٹ کا حق استعمال کرنے کا موقع دیا جائے ،وہ اوور سیز پاکستانیوں کے لئے قابل قبول ہوگا۔

پاکستان ورسیز فورم کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وہ اداروں کا احترام کرتے ہیں۔اسی لئےپرامن طریقے سے الیکشن کمیشن آئے ہیں تاکہ اپنی رائے کا اظہار کر سکیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کو عملی جامہ پہنانے کے لیے الیکشن کمیشن ضرور کوئی راستہ ضرور نکالے گا۔

انہوں نے کہا کہ ووٹنگ رائٹس بھی انسانی حقوق میں آتے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی زرمبادلہ کا اہم ذریعہ ہیں۔ ہم پیسے بھجواتے ہیں تو اچھے لگتے ہیں مگر ووٹ کے حق کی بات کرتے ہیں تو بعض عناصر اعتراض کرتے ہیں۔

شاہد رضا رانجھا کا مزید کہنا تھاکہ اپوزیشن جماعتوں نے ہمیں ووٹ کا حق دلانے کے حوالے سے قانون سازی کے موقع پرووٹ نہیں دیا، ہم آئندہ الیکشن میں اس بات کو یاد رکھیں گے۔ اوورسیز پاکستانی ملک کے مفاد میں ووٹ کا حق استعمال کریں گے، اس حوالے سے کوئی ہمیں خرید نہیں سکےگا۔

Facebook Comments Box