عدالت کا تاریخی فیصلہ، منتشر گھرانے کے بچوں کو شناختی کارڈ مل سکے گا
سندھ ہائیکورٹ نے نادرا کو حکم دیا ہے کہ خاتون کو شناختی کارڈ جاری کیا جائے، روبینہ کے والد بچپن میں چھوڑ گئے تھے۔
سندھ ہائیکورٹ نے ایسا حکم نامہ جاری کیا ہے جو کہ آئندہ بھی کئی مقدمات کے لیے مثال بن گیا ہے، ایک خاتون جن کو اپنے والد کے ٹھکانے کا علم نہیں تھا اور ان کی پرورش صرف والدہ نے کی تھی، عدالت نے نادرا کو حکم دیا ہے کہ خاتون کو شناختی کارڈ جاری کیا جائے۔
روبینہ ایک معذور خاتون ہیں، ان کے والد نے ان کی والدہ کو برسوں پہلے چھوڑ دیا تھا اور واپس نہیں آئے۔
یہ بھی پڑھیے
نادرا منتشر گھرانوں کے بچوں کی مشکل دور کرے
اوورسیزپاکستانیوں کے لیے خوشخبری، پاور آف اٹارنی گھر بیٹھے بنوائیں
روبینہ کو صرف ان کی والدہ نے پالا جن کے پاس خوش قسمتی سے سرکاری ملازمت تھی۔
جب روبینہ 18 برس کی ہوئیں اور شناختی کارڈ کے حصول کے لیے مقامی نادرا دفتر گئیں تو انہیں بتایا گیا کہ جب تک ماں اور باپ دونوں کا ریکارڈ نہیں دیں گی تب تک شناختی کارڈ نہیں جاری کیا جائے گا۔
یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جس کا سامنا ہزاروں یتیم بچے پہلے بھی کرتے آئے ہیں۔ گو کہ روبینہ یتیم نہیں ہیں لیکن انہیں نہیں معلوم کہ ان کے والد کہاں ہیں۔
انہوں نے عدالت میں مقدمہ دائر کیا اور بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ عدالت نے ان کے ساتھ انصاف کیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے نادرا کو حکم دیا ہے کہ روبینہ کو ان کی والدہ کی شہریت کے ریکارڈ کی بنیاد پر شناختی کارڈ جاری کیا جائے۔
ایڈووکیٹ عثمان فاروق نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ اسی طرح کے مقدمات میں بہت مددگار ثابت ہوگا جس میں بچوں کو صرف ان کی والدہ یا والد نے پالا ہے اور انہیں شناختی کارڈ کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے۔
گلوکارہ اور اداکارہ حدیقہ کیانی نے بھی عدالتی فیصلے کو سراہا ہے، انہوں نے فیس بک پر پوسٹ کرکے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ حدیقہ کیانی بھی اپنے صاحبزادے ‘نادِ علی’ کی تن تنہا پرورش کر رہی ہیں، انہوں نے اکیلی ماں کو پیش آنے والے مسائل پر کئی بار گفتگو بھی کی ہے اور لکھا بھی ہے۔