سی پی این ای نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے معافی کا مطالبہ کردیا

اشتہارات کی غیرمنصفانہ تقسیم کرکے غیرجمہوری اور اینٹی میڈیا اقدام کی مرتکب لیگی قیادت معافی مانگے۔

کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے سرکاری اشتہارات سے متعلق اعتراف کی مذمت کی۔

سی پی این ای نے مطالبہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اس غیرجمہوری اور اینٹی میڈیا اقدام کے لیے معافی مانگے۔

یہ بھی پڑھیے

مریم نواز کیخلاف نیب کیس بنتا ہے، آئین کی تین شقوں کی خلاف ورزی ہوئی

اشتہارات کی بندربانٹ، ایف آئی اے مریم نواز کیخلاف انکوائری کرے گی

ایک بیان میں سی پی این ای نے مطالبہ کیا کہ حکومت کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی قوم کو بتائے کہ پچھلی حکومت نے کس طرح میڈیا پر دباؤ، ادارتی پالیسی پر اثرانداز اور ناپسندیدہ میڈیا گروپس کو کچلنے کے اقدامت کیے۔

کونسل نے مریم نواز کے بیان کو مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت کے خلاف چارج شیٹ قرار دیا جو کہ اب میڈیا کی آزادی کی چیمپیئن بنی ہوئی ہے اور خودمختار میڈیا کا تعاون چاہتی ہے۔

سی پی این ای سے جاری کردہ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ نہ صرف ماضی بلکہ موجودہ حکومت بھی میڈیا کی آزادی کے خلاف جو اقدامات کر رہی ہے اس کی بھی مذمت کرتے ہیں اور ایک شفاف، قابل قبول اور انصاف پر مبنی طریقہ کار بنانے کی ضرورت ہے تاکہ اشتہارات کی منصفانہ تقسیم ہوسکے۔

کونسل نے مطالبہ کیا کہ حکومت کی جانب سے جو کمیٹی بنائی جائے وہ نہ صرف مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں سرکاری اشتہارات کی من پسند میڈیا گروپس کو تقسیم کے حوالے سے تحقیقات کرے بلکہ عوام کو پچھلے تین برس کے دوران جو میڈیا پالیسی اپنائی گئی ہے اس کے متعلق بھی بتائے۔

متعلقہ تحاریر