سری لنکن مینجر کو بچانے کی کوشش، وزیراعظم کا ملک عدنان کے لیے تمغہ شجاعت کا اعلان

پنجاب حکومت نے ملک عدنان کو انسانی حقوق کا ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں سری لنکن فیکٹری مینجر پرانیتھا کمارا کو ہجوم سے بچانے کی اپنی سی کوشش کرنے والے شخص ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا ہے۔ ملک عدنان نے تمغہ شجاعت کے اعلان پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا ہے کہ "پوری قوم کی جانب سے ملک عدنان کی اخلاقی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں۔”

یہ بھی پڑھیے

ہتک عزت کیس میں گلوکارہ میشا شفیع دو سال بعد عدالت میں پیش، استثنیٰ کی درخوات مسترد

کراچی کے فیکٹری ملازمین کا سری لنکن مینجر کو خراج تحسین

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ "ملک عدنان نے تشدد پر مصر ہجوم سے پرانیتھا دیاوادانہ کو بچانے کی بھرپور کوشش کی اور اپنی جان کو بھی خطرے میں ڈال مظلوم کو بچانے کی کوشش کی۔ ہم اسے تمغہ شجاعت سے نوازیں گے۔”

 

 

واضح رہے کہ شہریوں کی جانب سے سیالکوٹ واقعے پر کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تھیں جن میں سے ایک ایسی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیسے ایک شخص فیکٹری مینجر پر تشدد کرنے والے لوگوں سے منت ترلے کررہا تھا۔

دوسری جانب ملک عدنان نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تمغہ شجاعت کا اعلان کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ملک عدنان کا کہنا ہے میں میڈیا کا مشکور ہوں جس نے حق و سچ کا ساتھ دیا۔

ادھر پنجاب حکومت نے ملک عدنان کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انسانی حقوق کا ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب حکومت کے اعلان کے مطابق ملک عدنان کو 10 دسمبر کو انسانی حقوق ایوارڈ دیا جائے گا۔

ملک عدنان سوشل میڈیا کی معروف ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے، انہیں سیاسی وسماجی شخصیات کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ ملک عدنان کی سری لنکن مینجر کو تشدد سے بچانے کی ویڈیو بھی سامنے آچکی ہے۔

متعلقہ تحاریر