برسوں کا انتظار تمام ہوا،کراچی گرین لائن بس منصوبے کا افتتاح آج ہوگا

دو بڑی جماعتوں سے کراچی کے شہریوں کی خوشی ہضم نہ ہوئی،ن لیگ کے بعد پیپلزپارٹی کی بھی رنگ میں بھنگ ڈالنے کی کوشش

کراچی کے شہریوں کا برسوں کا انتظار تمام ہوا۔ وزیراعظم عمران خان آج کراچی گرین لائن بس منصوبے کی آزمائشی سروس کا افتتاح کریں گے۔

سندھ اور پنجاب کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کو شاید کراچی کے شہریوں کی خوشی ہضم نہیں ہورہی۔ ن لیگ کے بعد پیپلزپارٹی کی بھی رنگ میں بھنگ ڈالنے کی کوشش

یہ بھی پڑھیے

ن لیگ نے کراچی گرین لائن بس منصوبے کا علامتی افتتاح کردیا

کراچی کا گرین لائن منصوبہ 25 دسمبر سے آپریشنل ہو جائے گا، اسد عمر

 

مسلم لیگ ن نے گزشتہ روز منصوبے کے باقاعدہ افتتاح سے پہلے ہی  علامتی افتتاح کردیا۔مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کارکنوں کی بڑی تعداد کے ساتھ گزشتہ روز ناظم آباد پہنچے تو رینجرز نے عوامی منصوبے کو متنازع بنانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انہیں گرین لائن کے پل پر چڑھنے سے روک دیا۔اس موقع پردھکم پیل کی صورتحال پیدا ہوگئی ۔

اس موقع پراحسن اقبال نے عمران خان کی حکومت پر ریاستی دہشت گردی کا الزام بھی لگا دیا۔انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس کو حملہ آور ہونے کا حکم دیا گیا ، کراچی کی گرین لائن بس کا منصوبہ ن لیگ کا تھا ، 90 فیصد کام بھی ن لیگ نے مکمل کیا تھا ، عمران خان کس منہ سے گرین لائن کا افتتاح کرنے آرہے ہیں۔

یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر کراچی گرین لائن بس منصوبے کاسنگ بنیاد نوازشریف حکومت نے  رکھا تھا تو کیا منصوبہ ان کی جاگیر بن گیا ہے؟ ایسا ہر ملک اور ہر حکومت میں ہوتا ہے کہ منصوبہ ایک حکومت شروع کرتی ہے اور دوسری حکومت اسے پایہ تکمیل تک پہنچاتی ہے۔ اگر ن لیگ کومنصوبےکی تکمیل کی اتنی فکر تھی تو اپنے دور حکومت میں کیوں یہ منصوبہ مکمل نہیں کیا؟

سندھ کی حکمراں جماعت پیپلزپارٹی کو بھی کراچی  کے شہریوں کی خوشی ہضم نہیں ہوئی۔پیپلزپارٹی نے گرین لائن منصوبے کی آزمائشی سروس کے افتتاح کے روز کراچی میں مہنگائی کیخلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔ تجزیہ کاروں نے سوال  اٹھایا ہے کہ کیامہنگائی ہفتے دس دن میں شروع ہوئی ہے؟کیا عوام کو پچھلے تین سال سے مہنگائی کا سامنا نہیں ہے؟ لیکن پیپلزپارٹی کو مہنگائی کیخلاف احتجاج کیلیے آج کا دن ہی کیوں ملا؟

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نہ تو مہنگائی ہفتہ دس دن میں شروع ہوئی ہے اور نہ ہی آج کے بعد ختم ہوجائے گی۔ پیپلزپارٹی مہنگائی کیخلاف کسی اور دن بھی احتجاج کرسکتی تھی۔ لیکن احتجاج کیلیے آج کے دن کا انتخاب یہ ظاہر کررہا ہے کہ  پیپلزپارٹی  کو بھی کراچی کے شہریوں کو ملنے والی اس خوشی پر کافی صدمہ پہنچا ہے۔

واضح رہے کہ گرین لائن بس منصوبے کا افتتاح سابق وزیراعظم نواز شریف نے 2016میں رکھا تھا،منصوبہ دوسال میں مکمل ہونا تھا تاہم مسلم لیگ ن کی حکومت اس منصوبے کو مکمل نہ کرسکی جبکہ موجودہ دور حکومت میں بھی سندھ حکومت کی جانب سے بسوں کی خریداری میں تاخیر اور دیگر وجوہات کی وجہ سے منصوبہ تاخیر کا شکار تھا۔بلآخر وفاقی حکومت نے 40 بسیں منگوا کر منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹ دور کردی۔

متعلقہ تحاریر