وزیراعظم اور فواد کھل کر بتائیں نواز کے لیے کون راستہ نکال رہا ہے
عمران خان کہنا ہے بڑے چوروں کو چھوڑنا ہے تو تمام جیلوں کے دروازے کھول دیتے ہیں جبکہ وزیر اطلاعات کا کہنا ہے جو لوگ وطن واپسی کیلئے ڈیلوں کا انتظار کریں وہ سیاست میں ہمیشہ بونے ہی رہیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خود ساختہ جلاوطن نواز شریف کی سزا ختم کرکے واپس لانے کے راستے تلاش کیے جارہے ہیں جبکہ وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ڈیلوں کے متلاشی سیاست دان ہمیشہ بونے ہیں رہیں گے۔
پارٹی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سزا اور نااہلی ختم کرنے کے تلاش کیے جارہے ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے دور اقتدار میں عوام کا پیسہ لوٹا اور ملک سے باہر منتقل کیا۔
یہ بھی پڑھیے
فصیح ذکا اسلام آباد کے گمنام ہیرو کو سامنے لے آئے
فیصل جاوید نے فنکاروں کا مقدمہ سینیٹ میں پیش کردیا
عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر سزایافتہ مجرموں کو چھوڑنا ہے تو پھر جیلوں کے دروازے کھول دینے چاہئیں۔ پاناما لیکس میں نام آنے پر نواز شریف کو نااہل قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو سزا یافتہ شخص چوتھی مرتبہ ملک کا وزیراعظم بن جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سزایافتہ نواز شریف کی سزا ختم کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کیسز میں گرفتار لوگ جیلوں میں سڑ رہے جبکہ بڑے مجرموں کو چھوڑنے کے باتیں ہورہی ہیں۔
اس حوالے جب وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم حیران ہیں کہ سزا یافتہ شخص (نواز شریف) چوتھی بار وزیراعظم بننے کے لیے ملک میں کیسے آ سکتا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان یہ سوچ کر پریشان ہیں کہ سپریم کورٹ ایک شخص کو نااہل قرار دینے کے بعد دوبارہ الیکشن لڑنے کی اجازت کیسے دی سکتی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے لکھا ہے کہ ” جو لوگ وطن واپسی کیلئے ڈیلوں کا انتظار کریں وہ سیاست میں ہمیشہ بونے ہی رہیں گے، نون لیگ والے بوٹ پالش کا سامان لے کر کھڑے ہیں صرف کوئی بوٹ آگے نہیں کر رہا۔”
جو لوگ وطن واپسی کیلئے ڈیلوں کا انتظار کریں وہ سیاست میں ہمیشہ بونے ہی رہیں گے، نون لیگ والے بوٹ پالش کا سامان لے کر کھڑے ہیں صرف کوئ بوٹ آگے نہیں کر رہا ۔۔۔ آپ پاکستان کا تاریک دور ہیں ہواؤں کا رخ اب آپ کا نہیں ، روشنی ہو جائے تو تاریکی ختم ہو جاتی ہے اور پاکستان میں یہ ہی ہوا
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 25, 2021
فواد چوہدری نے مزید لکھا ہے کہ "آپ پاکستان کا تاریک دور ہیں ہواؤں کا رخ اب آپ کا نہیں ، روشنی ہو جائے تو تاریکی ختم ہو جاتی ہے اور پاکستان میں یہ ہی ہوا ہے۔”
وزیراعظم عمران خان کے بیان اور وفاقی وزیر فواد چوہدری کے ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے وزیراعظم اور فواد چوہدری کھل کر بتائیں کہ نواز شریف کی کس سے ڈیل ہورہی ہے اور کون راستے نکال رہا ہے، کیونکہ حکومت تو خود عمران خان صاحب کی ہے۔ صاف صاف بتائیں کہ کون لوگ ہیں جو سابق وزیراعظم کے ساتھ ڈیل کررہے ہیں۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ وزیراعظم عمران خان اور فواد چوہدری خود ہی ان (نواز شریف) کے لیے راستہ نکال رہے ہیں۔