مری میں پھنسے سیاحوں پر قیامت ٹوٹ پڑی،19افراد جاں بحق

وزیراعلیٰ پنجاب نے مری میں ایمرجنسی نافذ کردی، سیاحوں کے مری میں داخلے پر مکمل پابندی،ایک ہزار گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں، 16 سے 19اموات ہوچکیں،پاک فوج طلب کرلی،وزیرداخلہ

مری میں شدید برف باری اور برفانی طوفان کےباعث  سیاحوں پر قیامت ٹوٹ پڑی۔ بدترین ٹریفک جام کے باعث ایک ہزار  گاڑیاں برف میں پھنس گئیں، وزیرداخلہ شیخ  رشید نے  پھنسی ہوئی گاڑیوں میں  سے 16  سے 19افراد کے جاں بحق ہونے کی  تصدیق کردی۔

وزیرداخلہ شیخ رشیدریسکیو آپریشن کی نگرانی کیلیے مری پہنچ گئے۔وزیرداخلہ نے 12گھنٹے کی کوششوں کے باجود مری میں ٹریفک بحال کرنے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے سول و آرمڈ فورسز سے مدد طلب کرلی۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مری میں ایمرجنسی نافذ کردی۔ سیاحوں کو ریسکیو کرنے کیلیے اپنا ہیلی کاپٹر دیدیا۔

یہ بھی پڑھیے

کالام کی شدید برفباری میں جیب ریلی، سیاحوں کے مزے

وزیرداخلہ شیخ رشید نے ایک بیان میں کہا ہے کہ  مری میں ایک ہزار گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔گاڑیوں میں 16 سے 19 کے درمیان اموات ہوئی ہیں ،مری میں گاڑیوں اور پیدل جانے والوں پر پابندی عائد کررہے ہیں ۔یہ مری جانے کا کوئی ٹائم نہیں ہے۔صرف امداد سامان لے جانے والی گاڑیوں کو مری جانے کی اجازت ہوئی۔

وزیرداخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں کئی سال بعد سیاحوں نے اتنی بڑی تعداد میں مری کا رخ کیا  ہے جس کے باعث  بحران پیدا ہوا اور ہمیں ٹریفک بند کرنا پڑی،کمشنر اور ڈپٹی کمشنرروالپنڈی امداد کارروائیوں میں مصروف ہیں۔انتظامیہ رات بھر جاگتی رہی مگر اللہ کو یہی منظور تھا۔ پاک فوج کی 5 پیدل پلاٹون بلوائی ہیں، رینجرز ، پولیس اور ایف سی کو طلب کرلیا۔امید ہے آج شام تک صورتحال پر قابو پالیں گے۔ کل رات 9 بجے تک کسی سیاح کو مری جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر زیرگردش متعددوڈیوز میں  گاڑیوں میں پھنسے سیاحوں کو خوابیدہ حالت میں دیکھا جاسکتا ہے۔وڈیوز بنانے والے شہریوں نے دعویٰ کیا ہے کہ گاڑیوں میں موجود فیملیز جاں بحق ہوچکی ہیں ۔ایک وڈیو میں گاڑی میں بے ہوش نظر آنے والے 2بچوں سمیت 4 افراد کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ان کی موت واقع ہوچکی ہے۔

ایس ایچ او مری کے مطابق   لور ٹوپا، سنی بینک چوک اور  گلڈنہ روڈ پر  سیاحوں کی گاڑیاں 4،4 فٹ برف میں پھنسی ہیں ،گاڑیاں  نکالنے کیلیے کرینیں درکار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مری میں دوبارہ برفباری شروع ہونے والی ہے،راولپنڈی پنجاب اور کے پی کے انتظامیہ پھنسے سیاحوں کو نکالنے کی کوشش کررہی ہے۔

متعلقہ تحاریر