40 ہزار سے زائد مساجد کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جارہا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسد قیصر نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رحمت للعالمین اتھارٹی کا قیام ملک کو ریاست مدینہ کی طرز پر گامزن کرنے کا سب سے بڑا اقدام ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت ہر سال ملک کی 40 ہزار سے زیادہ مساجد کو شمسی توانائی پر منتقل کر رہی ہے جس سے نمازیوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

شمسی توانائی پر منتقل ہونے کے بعد مساجد انتظامیہ کو بجلی کے بلوں کی ادائیگی سے بھی نجات مل جائے گی۔ اسپیکر اسد قیصر کا ایک تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ مارچ سے ملک بھر میں یکساں نصاب تعلیم رائج کیا جائے گا۔

مدارس کے طلباء دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم بھی حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ختم نبوت کو نصاب کا حصہ بنایا اور سود کے خلاف قانون سازی کی۔

اسد قیصر نے کہا کہ پہلی بار پانچویں تک ناظرہ قرآن اور بارہویں تک ترجمہ قرآن کو لازم قرار دیا گیا ہے، آئمہ کرام اس معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور پہلی بار حکومت نے ان کے لئے ماہانہ اعزازیہ مقرر کیا ہے جس میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ کیا جائے گا۔

موجودہ حکومت کی جانب سے فلاحی ریاست کے قیام کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ملک بھر میں دین کی خدمت کرنے والوں کی زندگیوں میں در پیش مسائل کو حل کرنے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ رحمت للعالمین اتھارٹی کا قیام ملک کو ریاست مدینہ کی طرز پر گامزن کرنے کا سب سے بڑا اقدام ہے۔

یہ پہلی حکومت ہے جو دین کے شعبے کی ترقی اور دین کی بے لوث خدمت کرنے والوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

متعلقہ تحاریر