اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینگے، افغان وزیراعظم کی یقین دہانی
مشیر قومی سلامتی معید یوسف کی دورہ افغانستان میں اہم ملاقاتیں، تجارتی اور ٹرانزٹ شعبوں میں وسعت دینے پر اتفاق۔
مشیر قومی سلامتی معید یوسف دورہ افغانستان مکمل کرکے پاکستان واپس پہنچ چکے ہیں، پڑوسی ملک میں ان کی ملاقات افغان حکومت کے نائب وزیراعظم اور دیگر سرکردہ رہنماؤں سے ہوئی۔
افغان صدارتی محل میں معید یوسف افغانستان کے نائب وزیراعظم ملا عبدالسلام حنفی سے ملے، اس ملاقات میں افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی، افغان وزیر صنعت و تجارت اور کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔
یہ بھی پڑھیے
افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کریں، کانگریس ارکان کا امریکی صدر کو خط
افغانستان سے مزید پناہ گزینوں کو نکالا جاسکتا تھا،ناکامی مایوس کن ہے،شہزادہ ولیم
اس موقع پر دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان تجارت، ٹرانزٹ اور علاقائی منصوبوں پر عمل درآمد کے شعبوں میں تعلقات اور رابطوں کو وسیع کرنے پر بات جیت کی گئی۔
افغان نائب وزیراعظم عبدالسلام حنفی نے افغان مہاجرین کے ساتھ تعاون کرنے اور انہیں ملک میں قیام کی اجازت دینے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان سمیت خطے کے ہر ملک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں جس کے ذریعے تجارت اور ٹرانزٹ کے شعبوں میں وسعت ہوگی۔
عبدالسلام حنفی کا کہنا تھا کہ امارت اسلامیہ افغانستان اپنی سرزمین کسی کے بھی خلاف استعمال نہیں ہونے دے گی۔
مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا کہ پاکستان افغان عوام کے ساتھ ہے اور اپنا تعاون جاری رکھے گا، ہمارے لیے تجارتی اور ٹرانزٹ شعبوں کو وسعت دینا اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے میں وفود مقرر کیے جائیں جو تعلیم، صحت، تجارت اور کان کنی کے شعبوں کو فروغ دینے کے لیے کام کریں۔
اہم ترین ملاقات میں طورخم اور چمن بارڈر پر افغان مسافروں، مریضوں اور تاجروں کے لیے سفری اور ٹرانزٹ سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔