کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا شیڈول جاری

ای سی پی کے نوٹی فکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 14 سے 18 فروری تک جمع ہوں گے جبکہ 21 سے 23 فروری تک کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی ہوگی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان (ایس سی پی) کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کے لیے نیا شیڈول جاری کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کیجانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے پولنگ کا عمل 31 مارچ کو شروع ہو گا۔

یہ بھی پڑھیے

آرٹیکل 62-63 ، نواز شریف سے فیصل واوڈا تک

دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، آرمی چیف

خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کا شیڈول

الیکشن کمیشن نے خیبر پختون خوا بلدیاتی انتخابات سے متعلق نیا شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امیدوار 10 فروری سے کاغذات نامزدگی وصول کرسکتےہیں۔

Local elections in Khyber Pakhtunkhwa

ای سی پی کے نوٹی فکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 14 سے 18 فروری تک جمع ہوں گے جبکہ 21 سے 23 فروری تک کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی کی نظرثانی شدہ فہرست 2 مارچ کو جاری کی جائے گی جبکہ حتمی فہرست اور انتخابات نشانات 4 مارچ کو جاری کیے جائیں گے۔

Local elections in Khyber Pakhtunkhwa

نوٹی فکیشن کے مطابق 31 مارچ کو پولنگ ہو گی جبکہ الیکشن کمیشن حتمی نتائج کا اعلان 4 اپریل کو کرے گا۔

کے پی کے بلدیاتی انتخابات ، سپریم کورٹ کا فیصلہ

واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے خیبر پختون خوا (کے پی کے) میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے تھے۔

سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس کی سماعت گذشتہ روز عدالت عظمیٰ کے دو رکنی بینچ نے کی تھی۔ بنچ جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس عائشہ ملک پر مشتمل تھا۔

سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بنچ نے الیکشن کمیشن کو سنے بغیر بلدیاتی انتخابات کا شیڈول موخر کر دیا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا پشاور ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت یکم فروری کو ہوئی جبکہ ای سی پی کو نوٹس 2 فروری کو موصول ہوا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو ںوٹس ملنے تک پشاور ہائی کورٹ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ موخر کرنے کا فیصلہ کر چکا تھا

وکیل الیکشن کمیشن افنان کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ پانچ اضلاع کے شیڈول موخر کرنے کی درخواست پر 18 اضلاع کا الیکشن موخر کر دیا گیا۔

اس موقع پر وکیل شکایت کنندہ کا کہنا تھا کہ موسمی حالات کے پیش نظر 27 مارچ کو انتخابات نہیں ہو سکتے۔

کیس کی سماعت کے دوران جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیئے کہ پشاور ہائی کورٹ کو فیصلے سے پہلے الیکشن کمیشن کا موقف سننا چاہیے تھا۔

کے پی کے حکومت کے وکیل کے دلائل پر ریمارکس دیتے ہوئے جسٹس عائشہ ملک کا کہنا تھا اس سے اس بات کی تصدیق نہیں ہوتی کہ خیبر پختون خوا میں موسمی حالات الیکشن میں رکاوٹ ڈال سکتے ہیں۔

جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کو الیکشن کمیشن نے دیکھنا تھا عدالت نے نہیں، ہائی کورٹ کو فیصلہ دینے کی اتنی جلدی کیا تھی؟ کیسں کی سماعت پیر 14 فروری تک ملتوی کردی گئی ہے۔

متعلقہ تحاریر