اسٹیبلشمنٹ کے کچھ عناصر حکومت کے خاتمے کے ذمے دار ہیں،عمران خان
تمام ادارے کرپٹ نہیں ہیں لیکن کچھ عناصر برے طرز عمل میں ملوث ہیں،سربراہ پی ٹی آئی کا ٹوئٹر اسپیس میں اظہار خیال، اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات خراب نہ ہوتے تو آج حکومت میں ہوتے،فواد چوہدری
تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے نام لیے بغیر فوجی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ طاقتور اسٹیبلشمنٹ کےخراب طرز عمل کے حامل کچھ عناصر ان کی اقتدار سے بے دخلی کے ذمے دار ہیں۔
بدھ کی شام ٹوئٹر اسپیس پر کارکنوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تمام ادارے کرپٹ نہیں ہیں لیکن کچھ عناصر برے طرز عمل میں ملوث ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
سابق وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر اسپیس پر نیا ریکارڈ قائم کردیا
لاہور جلسے میں سیکورٹی خدشات، عمران خان کو ورچوئل خطاب کا مشورہ
انہوں نے ایک ہی سانس میں فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو عمران خان سے زیادہ مسلح افواج کی ضرورت ہے، اگر یہاں مضبوط فوج نہ ہوتی تو پاکستان کے تین ٹکڑے ہو سکتے تھے۔
تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات خراب نہ ہوتے تو آج حکومت میں ہوتے، اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات کئی مہینوں سے خراب ہیں۔
بدھ کو ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’ٹو دی پوائنٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات ٹھیک کرنے کی بہت کوشش کی تھی ۔انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو آرمی چیف بنانے کے بارے میں کبھی نہیں سوچا تھا۔
— Mansoor Ali Khan (@_Mansoor_Ali) April 20, 2022
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ عمران خان اتنی لمبی پلاننگ نہیں کرتے کیونکہ نہ وہ سازشی آدمی ہیں اور نہ ہی ان میں اتنی صلاحیت ہے کہ سازش کریں۔
— Mansoor Ali Khan (@_Mansoor_Ali) April 20, 2022
فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک سابق جج نے بتایا کہ موجودہ صورتحال میں سب سے زیادہ نقصان اسٹیبلشمنٹ کے دو اداروں فوج اور عدلیہ کا ہوا ہے۔موجودہ صورتحال میں تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے جبکہ پی ڈی ایم کو وہ مل گیا جو وہ تین سال سے چاہ رہے تھے تاہم فوج اور عدلیہ کی مٹی پلید ہوگئی ہے۔