نومبر 2020 کے بعد نواز شریف میڈیا پر نمودار ہوگئے

بلاول بھٹو اور سابق وزیراعظم کی لندن میں پریس کانفرنس، خان صاحب آپ نے کون سے ایٹمی دھماکے کیے جو آپ کیخلاف غیرملکی سازش ہوتی، نواز شریف۔

پیپلزپارٹی کے وفد نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے لندن میں ملاقات کی، وفد میں شیری رحمان، نوید قمر، قمر زمان کائرہ اور قاسم گیلانی بھی شامل تھے۔

ملاقات میں ملک کے نئے صدر، چیئرمین سینیٹ اور گورنر پنجاب کے عہدوں سے متعلق مشاورت کی گئی۔

بلاول بھٹو نے نواز شریف کو تحریک عدم اعتماد کی کامیابی اور پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے پر مبارک باد دی۔

ملاقات میں پاکستان کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلاول بھٹو اور نواز شریف نے قومی سیاست میں افہام و تفہیم اور اتحاد کے ساتھ چلنے کا عزم ظاہر کیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ نومبر 2020 کے بعد نواز شریف میڈیا پر نمودار ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہم جمہوری طریقے سے تحریک عدم اعتماد لے کر آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کیلیے میاں نواز شریف کا کردار بےمثال ہے، چارٹر آف ڈیموکریسی کے تحت پاکستان درست سمت میں چل رہا تھا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے بلاول  بھٹو کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا جو نقصان ہوگیا ہے اس کا ازالہ کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت بحال ہونے میں وقت لگے، ایک غیر جمہوری شخص کو پاکستان پر مسلط کیا گیا لیکن پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے پہلے بھی تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہہ رہے ہیں میرے خلاف غیر ملکی سازش ہوئی، بھائی آپ نے کون سے ایٹمی دھماکے کیے تھے جو آپ کے خلاف سازش ہوتی؟

نواز شریف نے مزید کہا کہ آپ نے تو ویسے ہی پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔

متعلقہ تحاریر