الیکشن کمیشن کا انوکھا فیصلہ، ووٹ خریدنے والا گناہگار، جیتنے والا بےگناہ
الیکشن کمیشن کا ویڈیو شواہد کی بنیاد پر علی حیدر گیلانی کے خلاف ضابطہ فوجداری کے تحت کارروائی کا حکم، یوسف رضا گیلانی کو کیس سے نکال دیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ الیکشن میں حزب اختلاف کے رہنما یوسف رضا گیلانی کیس کا فیصلہ سنا دیا، سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے خلاف کیس ختم کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی، ایم این اے فہیم خان اور کیپٹن (ریٹائرڈ) جمیل خان کے خلاف کرپٹ معاملات ثابت ہونے پر کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔
تینوں افراد کے خلاف سیکشن 168 اور 167 کے تحت ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کو فوجداری کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔
علی حیدر گیلانی، فہیم خان اور جمیل خان کو تین سال قیدر اور ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کا اس کیس سے کوئی تعلق نہ ملنے پر ان کے خلاف کیس ختم کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ پچھلے سال سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کو بطور سینیٹر منتخب کروانے کے لیے پیپلزپارٹی کی طرف سے رقوم تقسیم کرنے کا انکشاف ہوا تھا۔
سابق وزیراعظم کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی ایک ویڈیو لیک ہوئی تھی جس میں وہ اراکینِ پارلیمنٹ میں رقوم تقسیم کر رہے تھے۔
یہ ویڈیو جاری ہونے کے بعد پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں شکایت درج کروائی تھی جس کا فیصلہ جاری ہوچکا ہے۔