تین سالوں بعد ملک بھر میں تین عیدیں ، فواد چوہدری بہت یاد آئے
شمالی وزیرستان کے علاقے حیدر خیل میں یکم مئی کو عیدالفطر منائی گئی تھی ، خیبر پختون خوا میں سرکاری سطح پر آج عید منائی جارہی ہے جبکہ ملک کے باقی صوبوں میں عیدالفطر 3 مئی کو منائی جائے گی۔
فواد چوہدری تیری یاد آئی تیرے جانے کے بعد ، ملک بھر میں تین عیدیں منانے کی روایت قائم کردی گئی ہے، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں عیدالفطر 3 مئی کو ہو گی ، خیبر پختون خوا میں سرکاری سطح پر عیدالفطر پیر کے روز منائی جارہی ہے، جبکہ شمالی وزیرستان کے علاقے حیدر خیل میں اتوار کو پہلی عید منائی گئی تھی۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت اسلام آباد میں چاند کی رویت کے حوالے سے اجلاس ہوا جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس کراچی ، لاہور ، پشاور اور کوئٹہ میں ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے
وزیر اعظم کے دورہ لاہور کی کوریج میں ناکامی، پی ٹی وی کے متعدد اہلکار معطل
حمزہ شہباز شریف نے 21ویں وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ہلال کمیٹی کے ممبران ، وزارت مذہبی امور ارکان ، محکمہ سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندگان نے شرکت کی تھی۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کا اعلان
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ آج ملک بھر میں زیادہ تر علاقوں میں مطلع صاف تھا تاہم کسی بھی علاقے سے چاند نظر آنے کی کوئی مصدقہ شہادت موصول نہیں ہوئی ۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران زونل کمیٹیوں سے مرکزی کمیٹی مسلسل رابطے میں رہی ، تاہم کہیں سے بھی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد متفقہ طور پر 30 روزے پورے کرنے اور عیدالفطر 3 مئی (بروز منگل) منانے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ محمکہ موسمیات کے حکام نے ایک روز قبل ہی چاند کے نظر آنے کے نظر نہ آنے کے امکانات کے حوالے سے پیشگوئی کر دی تھی۔
وزیراعلیٰ محمود خان کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف
دوسری جانب خیبر پختون خوا میں سرکاری سطح پر آج عیدالفطر منائی جارہی ہے ، وزیراعلیٰ محمود خان کے معاون خصوصی بیرسٹر محمد علی سیف کے مطابق صوبے بھر سے چاند نظر آنے کی 130 شہادتیں موصول ہوئیں جس بنا پر صوبے میں 2 مئی کو عید منانے کا فیصلہ کیا گیا۔
بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ مسجد قاسم علی خان کے فیصلے اور شہادتوں کی روشنی میں خیبر پختون خوا حکومت نے صوبے میں 2 مئی کو عیدالفطر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ محمود خان گورنر ہاؤس پشاور میں عیدالفطر کی نماز ادا کریں گے۔
مفتی شہاب الدین پوپلزئی
اتوار کی شام مسجد قاسم علی خان میں کمیٹی کے اجلاس کے بعد کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر کل (پیر) کو منائی جائے گی۔
مسجد قاسم علی خان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "شوال کا چاند نظر آ گیا ہے، اس لیے پہلی شوال اور عید الفطر 2 مئی 2022 بروز پیر کو ہو گی۔ آپ سب کو عید الفطر مبارک ہو۔ "
ایک ملک تین عیدیں
یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے اعلان کے بعد اس سال پاکستان میں تین عیدیں منائی جا رہی ہیں۔ شمالی وزیرستان کے علاقے حیدر خیل میں اتوار کو پہلی عید منائی گئی۔ دوسری عید پیر کو مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے پیروکار منائیں گے جبکہ باقی پاکستانی منگل کو عید الفطر منائیں گے۔
کیا عید بھی سیاست کی نظر ہو گئی؟
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کے پی کے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت ہے ، جب کہ پی ٹی آئی اور اس کے سربراہ عمران خان نے اعلان کررکھا ہے کہ وہ مرکز میں وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت والی حکومت کو قبول نہیں کرتے ، اسی لیے یہ کہا جا سکتا ہے کہ کے پی کے حکومت کے پیر کو عید منانے کے اعلان کے پیچھے کچھ سیاسی محرکات بھی ہوں۔
عید اور فواد چوہدری کا موقف
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا موقف تھا کہ ملک میں دو عیدوں کا جھگڑا صرف ایک ہی صورت میں ختم ہوسکتا ہے ، اس کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے ، اتنی بڑی رویت ہلال کمیٹی رکھنے کی آخر کیا وجہ ہے۔
بعدازاں مفتی منیب الرحمان اور فواد چوہدری کے درمیان اختلافات کی بنا پر سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کو عہدے کو فارغ کردیا گیا جبکہ ان کی جگہ مولانا عبدالخبیر آزاد کا نیا چیئرمین رویت ہلاک کمیٹی تعینات کردیا گیا تھا۔