سوشل میڈیا پر جعلی تصاویر اور ویڈیوز پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد پھیلانے والوں کو گرفتار کریں گے، تصاویر اور ویڈیوز سے لوگوں کو بدنام کرنیوالوں کا صفایا ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر فحش اور غیر اخلاقی ویڈیوز سے لوگوں کو بدنام کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد پھیلانے والوں کو گرفتار کریں گے۔
وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ خاں کا اہم بیان
سوشل میڈیا پر فحش اور غیراخلاقی وڈیوز سے لوگوں کو بدنام کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کرنے کا فیصلہ
سوشل میڈیا پر غیراخلاقی مواد پھیلانے والوں کو گرفتارکریں گے
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ایسے مواد کو برداشت نہ کیاجائے
— PML(N) (@pmln_org) May 6, 2022
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سختی سے ہدایت کی ہے کہ ایسے مواد کو برداشت نہ کیا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا کو کسی کو بدنام کرنے کے لیے استعمال نہیں کرنے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے مواد کی روک تھام کریں گے جس میں بلیک میلنگ کی جا رہی ہو۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایسی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔
غیر اخلاقی ویڈیوز اور تصاویر سمیت اس طرح کا دیگر گند پھیلانے والوں کو صاف کر دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے لیے ایف آئی اے سمیت دیگر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں نے کہا کہ جیسے ہی مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی ڈیپ فیک ویڈیوز جاری ہوئیں ویسے ہی رانا ثنا اللہ حرکت میں آ گئے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ اس سے قبل زرتاج گل اور پی ٹی آئی کی کئی عہدیداران کی ڈیپ فیک ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری ہوئی تھیں لیکن وفاقی وزیر داخلہ نے کوئی ایکشن نہیں لیا تھا۔