ہفتے کے روز کی چھٹی، نیب اور اسٹیٹ بینک نے وفاق کی مخالفت کردی
وزیراعظم نے ہفتے کے روز کی چھٹی ختم کی تھی جبکہ نیب اور مرکزی بینک نے ہفتے میں دو روز کی چھٹی کا نوٹی فیکیشنز جاری کردیے ہیں۔
جہاں ملک کے اندر ایک جانب حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان سیاسی محاذ آرائی کا بازار گرم ہے وہیں دوسری جانب احتساب کے سب سے بڑے ادارے نیب اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے حکومتی احکامات کو مسترد کرتے ہوئے ہفتے کے روز چھٹی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس حوالے سے نوٹی فیکیشنز بھی جاری کردیے ہیں ، یعنی اداروں نے بھی حکومت کے خلاف ایک نیا محاذ کھول دیا ہے۔
گزشتہ روز وفاقی حکومت نے سرکاری دفاتر کے سرکاری اوقات کار تبدیل کرتے ہوئے ڈیوٹی ٹائمنگ صبح 8 بجے سے 3 بجے کرنے کا اعلان کیا تھا اور ساتھ ساتھ ہفتے کے روز کی چھٹی بحال نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، جس کا وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان نے ایک مرتبہ پھر جانور کے نیوٹرل ہونے کا ذکر کر دیا
ایف پی سی سی آئی کا معاشی صورتحال پر اظہار تشویش، وزیراعظم کو خط
نئے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری دفاتر کے اوقات کار میں کمی کر دی گئی ہے۔
سرکاری دفاتر میں صبح 8 بجے سے سہہ پہر تین بجے تک کام ہوگا جبکہ جمعہ کے دن صبح 8 سے دوپہر ایک بجے تک سرکاری دفاتر کھلیں گے۔
اس سے پہلے دفاتر کے اوقات تبدیل کر کے صبح 9 سے شام 5 کر دیئے گئے تھے۔
تاہم دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) جو کہ حکومتی ادارہ اور حکومت کے خرچے پر چلتا ہے اس نے اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے حکومتی احکامات کو پس پشت ڈالتے ہوئے ہفتے کے روز چھٹی کرنے کا اعلان کردیا ہے اور اس حوالے نوٹی فیکیشنز بھی جاری کردیے ہیں۔
چیئرمین نیب کی ہدایت پر جاری کیے گئے نوٹی فیکیشن کے مطابق نیب ہیڈکوارٹر اور ریجینل نیب کے آفسز کی ٹائمنگ 9 مئی سے صبح ساڑے 8 بجے سے شام ساڑے 4 بجے تک ہو گی جبکہ ہفتے اور اتوار کو آفسز بند ہوں گے۔
چیئرمین نیب کی ہدایت پر اڈیشنل ڈائریکٹر ایڈمن محمد عرفان نے نوٹی فیکیشن جاری کیا ہے۔
اس طرح اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ہفتے کی چھٹی بحال کرنے کا بھی نوٹی فیکیشن جاری کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پیر سے جمعرات بینک صبح 9 سے شام 5:30 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ 1:30 سے 2:15 تک نماز اور کھانے کا وقفہ ہو گا۔
#SBP will observe following working days and office timings which shall also be followed by all banks: Monday to Thursday: 09:00 a.m. to 5:30 p.m.
Friday: 9:00 a.m. to 6:00 p.m pic.twitter.com/udpMHLhYb0— SBP (@StateBank_Pak) May 6, 2022
اسٹیٹ بینک کے نوٹی فیکیشن مطابق جمعے کو بینک صبح 9 سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ 1:30 سے 2:30 بجے تک نماز اور کھانے کا وقفہ ہوگا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جہاں حکومت کو معاشی محاذ پر مشکلات کا سامنا ہے وہیں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سخت سیاسی مزاحمت کا سامنا ہے ، ایسے میں ایڈمنسٹریٹر معاملات پر بھی حکومت کو نیب جیسے بڑے قومی ادارے اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے ہفتے کی چھٹی کے معاملے پر حزیمت کا سامنا ہے دیکھنا یہ ہے کہ حکومت کس طرح سے ان سارے معاملات سے نبردآزما ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت سنبھالتے ہی ہفتے کے روز کی چھٹی ختم کا فیصلہ کیا تھا ، بینک ملازمین کی طرف سے وزیراعظم اور وفاقی حکومت پر شدید دباؤ ڈالا گیا تھا کہ ہفتے کی چھٹی بحال کی جائے لیکن وزیراعظم نے اپنا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
لیکن اب قومی احتساب بیورو (نیب) اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ہفتے میں دو دن کی چھٹی کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا ہے۔