انٹونی بلنکن کا بلاول بھٹو کو ٹیلی فون، دورہ امریکہ کی دعوت دے دی
سیکرٹری آف اسٹیٹ نے چیئرمین پیپلز پارٹی سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اسلام آباد: سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان کے نومنتخب وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو پہلی ٹیلی فون کال کی اور انہیں رواں ماہ امریکہ کے دورے کی دعوت دی ہے۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران سیکرٹری انٹونی بلنکن نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو ان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور باہمی طور پر سودمند پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیے
سوشل میڈیا پر جعلی تصاویر اور ویڈیوز پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی
گورنر سندھ کی تعیناتی میں تاخیر،ایم کیوایم پر اندرونی دباؤ بڑھنے لگا
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "18 مئی 2022 کو نیویارک میں منعقد ہونے والے گلوبل فوڈ سیکیورٹی سے متعلق وزارتی اجلاس میں پاکستان کی شرکت کے لیے سیکریٹری آف اسٹیٹ کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کو ملکی سطح پر دعوت دی گئی۔”
گزشتہ دو سالوں کے دوران کووڈ 19 کے وبائی مرض سے نمٹنے کے لیے امریکہ نے پاکستان کو بھرپور تعاون فراہم کیا تھا اور اسی تناظر میں سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان کو اس ماہ کے آخر میں ہونے والی دوسری عالمی کووڈ سمٹ میں مدعو کیا ہے۔
دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ، امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد پرانے تعلقات کی بحالی کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور باہمی مفاد کی بنیاد پر تعمیری اور پائیدار روابط خطے اور بین الاقوامی سطح پر ترقی اور سلامتی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔
بلاول بھٹو نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا وژن انسانی ترقی، علاقائی روابط اور پرامن ہمسائیگی پر مرکوز ہے۔
دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی اور عالمی امن اور آپسی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ایک روز قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ "انہیں امریکی ہم منصب کی کال موصول ہوئی تھی ، انہوں نے عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی تھی جس کا شکریہ ادا کیا گیا تھا۔”
Received call from @SecBlinken grateful for warm felicitations on my assumption of office. Exchanged views on:
-Strengthening mutually beneficial, broadbased relationship
-Promotion of peace,development & security
-Agreed engagement with mutual respect is the way forward 🇺🇸🤝🇵🇰— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) May 6, 2022
افغان استحکام، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کا عزم
ایک دوسرے بیان میں امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہےکہ سیکرٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان وسیع البنیاد دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Spoke with Foreign Minister @BBhuttoZardari today. This year marks the 75th anniversary of U.S.-Pakistani relations, and we’re committed to strengthening our relationship and our cooperation on Afghan stability, combatting terrorism, and expanding commerce #PakUSAt75
— Secretary Antony Blinken (@SecBlinken) May 6, 2022
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران انٹونی بلنکن نے افغانستان میں امن و استحکام اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاک امریکہ پختہ عزم پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری، آب و ہوا، توانائی، صحت اور تعلیم کے حوالے سے جاری منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ "اس سال پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کی 75 ویں سالگرہ ہے اور ہم اپنے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پر امید ہیں۔”