عمران خان پر سیاسی تنقید ، سابق اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی نے وضاحت دے دی

سیاسی تجزیہ کاروں نے شاہد خان آفریدی کے سیاسی جذبات پر مبنی بیانات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے لگتا ہے شاہد آفریدی کو سیاسی میدان میں لانچ کرنے والوں نے غلط وقت کا انتخاب کیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف سیاسی تنقید شروع کرنے کے بعد اپنی پوزیشن واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹر سے سیاست دان تک اب بھی وہی اُن کے آئیڈیل ہیں۔

‘بوم بوم’ کے نام سے مشہور شاہد آفریدی جو کہ آج کل نجی نیوز چینل سماء ٹی وی میں ڈائریکٹر اسپورٹس کے طور پر کام کر رہے ہیں، نے سابق وزیر اعظم کو یہ کہتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا کہ کرکٹر سے سیاستدان بننے اور پھر اقتدار میں آنے کے بعد عمران خان نے بہت سی غلطیاں کیں۔ جس کا انہیں احساس ہونا چاہیے اور انہیں اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان کا پہلا جلسہ ہونے سے پہلے انکوائری کمیشن کا اعلان ہوگیا

سوشل میڈیا پر جعلی تصاویر اور ویڈیوز پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی

سماء ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی نے عمران خان کی ناکامیوں پر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بحیثیت فرد دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین کو مشورہ دیا کہ وہ پاکستان کے لیے اپنے ’اچھے وژن‘ کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایک اچھی ٹیم کا انتخاب کریں۔

سابق آل راؤنڈر نے ایک بار پھر وزیر اعظم شہباز شریف کی انتظامی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ سے مسلم لیگ ن کے صدر کے مداح رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ردعمل کا سامنا کرنے کے بعد اسٹار کرکٹر نے اپنے خلاف ہونے والی تنقید کا جواب احسن طریقے سے دیا ہے۔

شاہد خان آفریدی نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ عمران خان بطور کرکٹر آج بھی ان کے آئیڈیل ہیں اور بحیثیت قوم تمام افراد موجودہ حکمران کا احترام کرنے کے پابند ہیں کیونکہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

آفریدی نے کہا کہ میں نے عمران خان سے متاثر ہو کر پروفیشنل کرکٹ میں آنے کا انتخاب کیا، ورنہ وہ کرکٹر جیسی شہرت حاصل نہیں کر پاتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ہمیشہ خان کے اچھے اقدامات جیسے شوکت خانم خصوصاً صحت انصاف کارڈ کو سراہا ہے لیکن وہ ان کی غلط پالیسیز پر تنقید کرنے کا حق بھی محفوظ رکھتے ہیں۔

انہوں نے ناقدین سے کہا کہ اختلاف رائے کو نفرت میں نہ بدلیں اور آزادی اظہار مہذب معاشرے کی نشانی ہے۔ عوام ہر فرد کے اختلاف رائے پر رواداری کا مظاہرہ کریں۔

شاہد آفریدی نے واضح کیا کہ انہوں نے عمران خان کی پالیسیوں پر تنقید سیاسی نیت سے نہیں بلکہ ایک عام پاکستانی کی حیثیت سے کی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے مزید کہا ہے کہ "انہوں نے ابھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے اور وہ آئندہ بھی اپنی رائے کا اظہار کرتے رہیں گے۔”

انہوں نے مزید واضح کرتے ہوئے کہا کہ "انہوں نے عمران خان کی ذات پر کبھی کوئی حملہ نہیں کیا۔ سابق کرکٹر نے بیرون ملک رہنے کے باوجود ملک کا خیال رکھنے پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب شاہد خان آفریدی نے عمران خان کو ان کی پالیسیوں کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنا ہو۔ اس سے قبل بھی شاہد خان آفریدی سابق وزیراعظم پر بہت زیادہ وعدے کرنے پر تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ تاہم  بوم بوم آفریدی کی تنقید پر اس مرتبہ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم نے اپنا غصہ نکالا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں نے شاہد خان آفریدی کے سیاسی جذبات پر مبنی بیانات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے لگتا ہے شاہد آفریدی کو سیاسی میدان میں لانچ کرنے والوں نے غلط وقت کا انتخاب کیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان ان دنوں بڑے پیمانے پر عوام اندر مقبول ہو رہے ہیں اور عوامی رائے کو منتشر کرنے کی ایسی کوششیں مستقبل قریب میں بھی ناکام ثابت ہوں گی۔

متعلقہ تحاریر