الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی منحرف اراکین کا ریفرنس مسترد کردیا

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصلہ سنا دیا، پی ٹی آئی نے اپنے 20 اراکین قومی اسمبلی کی نااہلی کیلیے ریفرنس دائر کیا تھا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کے منحرف اراکین قومی اسمبلی سے متعلق ریفرنس مسترد کر دیا، منحرف ارکان کے کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ہوئی۔

تین رکنی بینچ نے سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جو کہ آج سنا دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی نے اپنے 20 اراکین قومی اسمبلی کی نااہلی کیلیے ریفرنس دائر کیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان کو نشستوں سے برطرف کرنے کا ڈیکلیئریشن خارج کر دیا۔

کیس کی سماعت میں منحرف رکن نور عالم خان کے وکیل نے دلائل دیئے کہ نور عالم خان نے تحریک عدم اعتماد میں ووٹ نہیں ڈالا اس لیے ان پر آئین کے شق 63 ون اے کا اطلاق نہیں ہوتا۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں فواد چوہدری اور فیصل واؤڈا نے کہا تھا کہ منحرف اراکین کا کیس سننے والے بینچ کے سندھ سے تعلق رکھنے والے رکن نثار درانی کو ہٹایا جائے۔

آج دونوں رہنماؤں نے کہا تھا کہ وہ اس بابت متعلقہ اداروں میں درخواست جمع کروائیں گے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی ممکنہ درخواست اور اس پر ہونے والی کارروائی کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے فیصلہ جلدی سنا دیا۔

متعلقہ تحاریر