وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری امداد کی تلاش میں غیر ملکی دوروں پر روانہ

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی غیر ملکی دوروں پر اس وقت روانہ ہوئے ہیں جب ملک سیاسی اور معاشی بحرانوں کا شکار ہے۔

اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، امریکہ (یو ایس)، چین اور سوئٹزرلینڈ کے غیر ملکی دوروں کا آغاز کر دیا ہے تاکہ معاشی بحران کے حل کے لیے دوست ممالک سے مدد حاصل کی جا سکے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنے دورے کے دوران سب سے پہلے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پہنچیں گے جہاں وہ مرحوم صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے خاندان، قیادت اور متحدہ عرب امارات کے عوام سے ان کے انتقال پر تعزیت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

ن لیگ حکومت کی سرکاری خرچ پر عمران خان کے خلاف اشتہاری مہم شروع

ڈی پی او سیالکوٹ کو شاباشی دینے پر اے آر وائی مریم نواز سے ناراض

اپنے دورہ یو اے اے کے اختتام کے بعد وزیر خارجہ بلاول بھٹو 18 مئی کو اقوام متحدہ میں منعقد ہونے والے "گلوبل فوڈ سیکیورٹی کانفرنس” کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک روانہ ہوں گے۔ بلاول بھٹو زرداری یہ دورہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی دعوت پر کررہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس اجلاس کا مقصد غذائی عدم تحفظ کے شکار ممالک کے لیے مل بیٹھ کر حل نکالنا ہے۔

وزیرخارجہ جمعرات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے زیراہتمام "بین الاقوامی امن اور سلامتی کی بحالی – تنازعات کے حل اور خوراک کی حفاظت” پر ہونے والے والے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ وہ اجلاس میں پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کریں گے۔ اجلاس کے بعد بلاول بھٹو زرداری امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات بھی کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی 19 مئی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے دوسرے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔

سیکرٹری انٹونی بلنکن کے ساتھ وزیر خارجہ کی ون آن ون ملاقات کانفرنس کے موقع پر ہو سکتی ہے کیونکہ واشنگٹن میں الگ ملاقات کا امکان نہیں ہے۔

بلاول 19 مئی کو امریکا سے واپس آئیں گے اور بعد ازاں 20 مئی کو چین کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ وہ اپنے چینی ہم منصب کی دعوت پر چین کا دورہ کریں گے۔

دورہ چین کے اختتام کے بعد وزیر خارجہ سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس جائیں گے جہاں وہ ورلڈ اکنامک فورم (WEF) کے اجلاس میں شرکت کریں گے، فورم کے موقع پر ان کی کئی وزرائے خارجہ سے سائیڈ لائنز ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔

بلاول بھٹو زرداری ڈیووس کا دورہ مکمل کرنے کے بعد 25 مئی کو پاکستان واپس پہنچیں گے۔ ان کے غیر ملکی دورے ایسے وقت میں طے ہیں جب ملک سیاسی اور معاشی بحرانوں کا شکار ہے۔

متعلقہ تحاریر