سابق وزیراعظم عمران خان کا ایشیاء کی سب سے بڑی لاہور بار سے خطاب

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے پاکستان کی تاریخ گواہ ہے جس تحریک میں وکلاء شامل نہیں ہوتے وہ کامیاب نہیں ہوتی اس لیے میں دعوت دیتا ہوں کہ آئیں اور میری تحریک کا حصہ بن جائیں۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے امریکی سازش کے تحت حکومت تبدیل کرکے چوروں کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا ، پاکستان کی تاریخ ہے وہ تحریک کبھی کامیاب نہیں ہوئی جس میں وکلاء نے شرکت نہ کی ہو۔

ایشیاء کی سب سے بڑی بار لاہور بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا ہمارے ملک کی تاریخ ہے ، کہ جب تک پاکستان کے وکلاء کسی بھی تحریک میں شامل نہیں ہوئے وہ تحریک کامیاب نہیں ہوئی ، میں آج لاہور بار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، ایک زبردست اجتماع منعقد کرنے پر ، یہ وہ شہر ہے جہاں میں پیدا ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

شکر ہے عدلیہ نے ووٹ بیچنے والوں کو رد کر دیا، عمران خان

سیالکوٹ میں عمران خان کے دو موبائل فونز چوری ہو گئے، شہباز گل کا انکشاف

وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا قائداعظم محمد علی جناح ، علامہ محمد اقبال بھی وکیل تھے ، تحریک پاکستان میں وکلاء کا بہت بڑا کردار تھا ، آزاد عدلیہ کی تحریک وکلاء کی وجہ سے کامیاب ہوئی ، میں آپ سب کو دعوت دے رہا ہوں کہ پاکستان کی حقیقی آزادی کی تحریک میں آپ سب نے میرے ساتھ شامل ہونا ہے۔

لاہور بار سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا امریکی سازش کے تحت ہماری حکومت کو ہٹایا گیا اور چوروں اور لٹیروں کو ہمارے اوپر مسلط کیا ۔ ہم سب اس کو مسترد کرتے ہیں، اس کو نامنظور کرتے ہیں، ہم غلامی نامنظور کرتے ہیں ، آپ نے میرے لیے نہیں اپنے بچوں کے لیے ، اس ملک کو آزاد کروانا ہے۔ آپ نے اس قوم کو ایک غیرتمند قوم بنانا ہے ، میں آپ سب کو اسلام آباد آنے کی دعوت دیتا ہوں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جمعہ کے روز ملتان کے جلسے میں ڈیٹ دوں گا اور آپ سب نے میرے ساتھ شرکت کرنی ہے ، پرامن احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے ، یہ جو لوگ ہم پر مسلط کیے گئے ، یہ پوری کوشش کریں گے ، ہر حربہ استعمال کریں گے ہمیں روکنے کے لیے ۔ اس لیے مجھے وکلاء برادری کی ضرورت ہے ۔

ان کا کہنا تھا ایف آئی اے نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے خلاف 24 ارب روپے کی کرپشن کے کیس بنائے ، کسی مہذب ملک میں نہیں ہوسکتا ہے کہ آپ تحقیقاتی ٹیم کے اوپر بیٹھ جائیں اور کیسز ختم کروا دیں ، اور تحقیقات کرنے والی ساری ٹیم کو فارغ کردیں۔ انہوں نے کیسز ختم کرکے اپنے ڈاکے کو این آر او دلوایا۔

انہوں نے کہا میں تمام وکلاء برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے پاس جائیں ، اگر آپ اتنے بڑے ڈاکے کی اجازت دے دیں گے تو پھر پاکستان کے جیل کھول دیں ، غریبوں کو کیوں جیل میں ڈالتے ہو ، جدید تاریخ کا بانی ابن خلدون کہتا ہے کہ اللہ نے ہمیں زمین پر انصاف قائم کرنے کے لیے بھیجا ہے ۔ اس لیے جب میں نے 26 سال پہلے اپنے تحریک شروع کی تھی تو اس کا نام رکھا تھا انصاف کی تحریک ، مجھے آج پاکستان کے وکلاء کی ضرورت ہے ، جس ملک میں رول آف لاء نہیں ہوتا ، وہاں کبھی خوشحالی نہیں آتی، کسی اسلامی ملک میں 20 فیصد سے زیادہ رول آف لاء نہیں ہے جبکہ سوئٹزرلینڈ میں 99 فیصد قانون کی حکمرانی ہے ، اس لیے وہاں پر خوشحالی ہے۔ اب جو تحریک شروع ہونے جارہی ہے یہ تحریک ان چوروں کو ہمیشہ کے لیے دفن کردے گی، ہماری تحریک امریکی کی غلامی سے ہمیشہ کی آزادی کے لیے ہے۔

متعلقہ تحاریر