عمران خان کے چڑھائے ہوئے قرضے نسلیں بھی نہیں اتار پائیں گی، شہباز شریف
مریم نواز کا کہنا ہے فتنہ خان نے لانگ مارچ کے لیے خیبر پختون خوا کے عوام کی خون پسینے کی کمائی کو پانی کی طرح بہا دیا ، لانگ مارچ کو ریجیکٹ کرنے پر کے پی عوام کو مبارکباد دیتی ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے عمران خان اپنے پیچھے اتنے قرضے چھوڑ گیا ہے کہ آنے والی نسلیں بھی نہیں اتار سکیں گی ، جبکہ مریم نواز کا کہنا ہے جو زخم عمران خان نےپاکستان کے سینے پر لگائے نواز شریف اور شہباز شریف اپنی محنت سے انہیں بھریں گے۔
مانسہرہ میں مسلم لیگ (ن) کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم میاں شہباز شریف کا کہنا تھا مہنگائی ساڑھے تین سال تک آسمان سے باتیں کرتی رہی ، 50 لاکھ گھروں کی باتیں کرنے والوں نے ایک اینٹ نہیں لگائی ، موقع ملا تو خیبرپختون خوا کو نواز شریف کی قیادت میں پنجاب بنا دیں گے۔ قرضے اتنے بڑھا دیئے ہیں کہ شاید نسلیں بھی نہ اتار سکیں، عمران خان اتنے قرضے چھوڑ کیا ہے کہ ہماری نسلیں بھی نہیں اتار سکیں گی.
یہ بھی پڑھیے
پشاور یونیورسٹی کا تین روزہ ادبی میلہ اپنی تمام تر رنگیوں کے ساتھ اختتام پذیر
اب احتجاج کیا تو ہمارے ساتھ کیا سلوک ہوگا؟ عمران خان نے سوال سپریم کورٹ کے سامنے رکھ دیا
میاں شہباز شریف کا کہنا تھا ہم نے دل پر پتھر رکھ کر پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا ہے ، ہمیں آپ کی تکلیف کا احساس ہے ، 8 کروڑ لوگوں کو 2 ہزار روپے ماہانہ کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا ہم نے پنجاب میں آٹا سستا کردیا ہے مگر کے پی کے حکومت نے آٹا سستا کرنے کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا ہے ۔ کل سے کے پی کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 400 روپے میں ملے گا۔ اپنی زندگی لڑا دوں گا مگر آپ کو خوشحال کردوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ضلع ہزارہ کے مسائل کے حل کے لیے 1 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کرتا ہوں ، وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا سے درخواست کرتا ہوں کہ کے پی کے عوام کو سستا آٹا فراہم کیا جائے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا ہم ہزارہ کے لیے الگ الیکٹرک کمپنی قائم کریں گے اور میڈیکل کالج تعمیر کریں گے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے ملک کے کونے کونے میں موٹر وے کا جال پھیلایا ، نواز شریف نے دن رات محنت کی اور عظیم منصوبے مکمل کیے ، آج ہزارہ موٹر وے سے گزرا تو دم نواز شریف کو یاد کیا ، ایک طرف ملک کو ترقی کی راہ گامزن کرنے نواز شریف اور میں ہوں اور ایک طرف یوٹرن ماسٹر ہے ، آپ لوگوں کو فیصلہ کرنا ہوگا۔
بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا بلوچستان میں پرامن طریقے سے بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں ، ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ بھی حوصلہ افزاء ہے ، ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 30 سے 35 فیصد رہا ہے ، جس کا مطلب ہے کہ بلوچستان کی عوام کو جمہوریت پر اعتماد ہے ۔
اس کے قبل جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا میں مانسہرہ کی عوام کو مبارکباد دینا چاہتی کہ انہوں نے دھاندلی کو ناکام بناتے ہوئے مسلم لیگ ن کو بلدیاتی انتخابات میں کامیابی دلائی ، میں خیبر پختون خوا کی عوام کو بھی مبارکباد دینا چاہتی ہوں جنہوں نے فتنے پر مبنی لانگ مارچ کو ایبسولوٹیلٹی ناٹ کہہ کر ریجیکٹ کردیا ، مجھے افسوس نے ہے عمران خان نے اپنے فتنہ پرور لانگ مارچ پر کے پی کے عوام کی کمائی پانی کی طرح بہا دی۔ خیبر پختون خوا کے وسائل جن پر عوام کا حق تھا ، جن سے کے پی کے میں اسپتال بننے چاہیے تھے ، جن سے کے پی کے میں سڑکیں بننی چاہیے تھیں ، جن سے اسکولز اور کالجز بننے چاہیے تھے وہ وسائل لانگ مارچ میں جھونک دیئے گئے ۔
مریم نواز کا کہنا تھا عمران خان نے لانگ مارچ کے لیے خیبر پختون خوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا ، اس ملک کو آگ لگانے کے لیے فتنہ خان نے خیبرپختون خوا کا پیسہ استعمال کیا ۔ دھرنے میں لائی گئی گاڑیاں خیبرپختون خوا حکومت کے نمبر کی گاڑیاں تھیں ، ماضی میں فرح گوگی بھی خیبرپختون خوا حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرتی رہیں۔ کے پی کے سے چلنے والی کرینیں واپس بلا لی گئیں کیونکہ لانگ مارچ میں شرکت کے لیے لوگ تو آئے نہیں تھے۔
مریم نواز کا کہنا تھا میں مانسہرہ میں کھڑے ہو پاکستان سے یہ وعدہ کرتی ہوں کہ جو زخم عمران خان نے اپنی نااہلی ، نالائقی اور اپنی بے حسی سے پاکستان کے سینے پر لگائے جو کاری ضربیں اس نے پاکستان کی معیشت پر لگائیں ، ان شاء اللہ نواز شریف اور شہباز شریف وہ زخم اپنی محنت سے بھر کر جائیں گے۔ شہباز شریف نے دن رات محنت کرکے پنجاب کی تقدیر بدلی۔
لانگ مارچ کے دوران جاں بحق ہونے والے سید احمد سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا خیبرپختون خوا کا ایک نوجوان لانگ مارچ کی نذر ہو گیا، مجھے دلی ہمدردی ہے سید احمد کے خاندان والوں سے، ان کا بیٹا فتنے اور ایک انسان کی کرسی کی ہوس کا شکار ہوگیا۔ میری ہمدردیاں اور دعائیں سید احمد جان اور اس کے خاندان کے ساتھ ہیں اللہ تعالیٰ اس بچے کی مغفرت کرے۔
ان کا کہنا تھا میں آج مانسہرہ جلسے میں اپنے دوسرے گھر آئی ہوں اور میں وزیراعظم شہباز شریف کا مانسہرہ میں خوش آمدید کہتی ہوں ۔ مانسہرہ نواز شریف کا تھا اور رہے گا ، 30 سال پہلے جب میں دلہن بن کر مانسہرہ آئی تھی تو اسلام آباد سے سفر چار گھنٹے میں طے ہوتا تھا اب وہ سفر اللہ کے فضل سے مانسہرہ موٹر وے کی تعمیر کے بعد ایک گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔









