پرویز الہٰی کے کیے کی سزا مونس الہٰی بھگتیں گے
ایف آئی اے لاہور نے مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کا مقدمہ درج کیا ہے۔
پنجاب بجٹ میں روڑے اٹکانے پر چوہدری پرویز الہٰی خاندان کے خلاف پہلی انتقامی کارروائی ، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے سابق وفاقی وزیر چوہدری مونس الہٰی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری مونس الہٰی کے خلاف ایف آئی اے لاہور نے مقدمہ درج کیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ، جبکہ اس ضمن میں نواز بھٹی اور مظہر اقبال کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
جزلان فیصل کے ورثا کا قتل کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ
مونس الہٰی کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرےگا، ذرائع
ایف آئی اے کے ذرائع کا کہنا ہے مونس الہٰی کے خلاف جو مقدمہ درج کیا گیا ہے اس کے مطابق نواز بھٹی اور مظہر اقبال نے پہلے شیئرز خریدے تھے اور پھر ان شیئرز کو مونس الہٰی کے نام منتقل کردیا گیا ، جس کے بعد بھاری رقم بیرون ملک منتقل کی گئی۔
مونس الہٰی کے خلاف مقدمہ منی لانڈرنگ کےالزام میں درج کیا گیا، ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں شواہد ملنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
چوہدری مونس الہٰی اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بہت بڑے اسپورٹر بھی ہیں۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے تین روز قبل مونس الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں مقدمہ درج کرنے کا عندیہ دیا تھا ، جس پر ردعمل دیتے ہوئے مونس الہٰی نے کہا تھا کہ حکومت ہزار مقدمات بھی بنا لے لیکن عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔
ایف آئی اے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ مونس الہٰی کے خلاف تحقیقات اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی ٹیم کرے گی۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا تھا مونس الہٰی نے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں ، ہنڈی کے ذریعے رقم بیرون ملک منتقل کی ، رقم بیرون ملک بھجوانے کے ذرائع بھی گرفت میں آئیں گے۔
ایف آئی اے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مونس الہٰی نے کہا تھا کہ جب لالچ اور دیگر حربے ناکام ہو گئے ہیں تو اب یہ انتقامی کارروائیوں پر اتر آئے ہیں۔
مونس الہٰی کا کہنا تھا حکومت پر بجٹ کا دباؤ ہے اور ان کے پاس بجٹ کو پاس کرانے کے لیے بندے بھی پورے نہیں ہیں۔ یہ چاہتے ہیں کہ دباؤ ڈال کر بجٹ منظور کروا لیں۔
رہنما ق لیگ کا کہنا تھا مجھے پیغام دیا گیا کوئی بات نہیں آپ سے غلطی ہو گئی اب آپ واپس آجائیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ "بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم۔”
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم pic.twitter.com/maLYiDmh2u
— Moonis Elahi (@MoonisElahi6) June 12, 2022









