محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کردیا
حکام کا کہنا ہے جمعرات 30 سے منگل 5 جولائی تک دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو روز میں مون سون کا آغاز ہورہا ہے۔ جمعرات 30 جون سےمنگل 5 جولائی کے دوران آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے. اس دوران مختلف علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارش کے باعث 2 سے 4 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گجرانوالا، سیالکوٹ، فیصل آباد اور 3 تا 5 جولائی کراچی و حیدرآباد کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جبکہ کشمیر ،گلیات اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ای سی پی نے وزیر اعظم کو کہوٹہ میں ڈیم کا افتتاح کرنے سے روک دیا
ماڑی پور میں احتجاجی مظاہرین پر پولیس کا لاٹھی چارج، ڈنڈا لگنے سے خاتون جاں بحق
این ڈی ایم اے نے اس صورتحال کے پیش نظر تمام وفاقی، صوبائی وزارتوں، انکے ماتحت متعلقہ اداروں بشمول صوبائی، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات سے نمٹنے اور بر وقت و پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں.
پی ڈی ایم اے اور ڈی ڈی ایم اے کو تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہنے، ایمرجنسی مشینری و عملہ کو تیار رکھنے کے ساتھ نشیبی علاقوں کے لئے ڈی واٹرنگ پمپس کی پیشگی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں تا کہ موسم کی وجہ سے سیلابی پانی سے نمٹنے کیلئے اقدامات کئے جا سکیں.
لوکل ریسکیو سروسز ڈیپارٹمنٹس سیلابی خطرے سے دوچار علاقوں کے مکینوں خصوصاً سیاحتی مقامات کی جانب گامزن عوام الناس کو غیر ضروری نقل و حرکت سے محتاط رکھنے کے لیے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی ہے. نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد سے محتاط رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ایمرجنسی سروسز کو مطلع کرنے کو کہا گیا ہے۔









