عمران خان کی طرح شہباز شریف بھی امریکا سے تعلقات کی بحالی کے خواہاں
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے موجودہ معاشی صورتحال میں جوبائیڈن انتظامیہ کا آشرباد شہباز شریف حکومت کے لیے بہت ضروری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے امریکا سے تعلقات کی بحالی کے لیے خواہش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کے یوم آزادی کے موقع پر امریکی عوام اور حکومت کو مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔
مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت باہمی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
رمضان شوگر ملز ریفرنس، وزیراعظم کو مستقل حاضری سے استثنیٰ کا تفصیلی فیصلہ جاری
وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہماری حکومت بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ ہر سطح پر تعلقات بحال کرنے کی خواہاں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں امریکی وفد سے ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان امریکا کےساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، ان کا کہنا تھا دونوں ممالک کے وفود کے دوروں سے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے پاک امریکا تعلقات عمومی طور پر اتار چڑھاؤ کا شکار رہتے ہیں، کبھی تعلقات اچھے بھی ہوجاتے ہیں اور کبھی ناراضی اپنے بام عروج پر ہوتی ہے، تاہم مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو امریکا سے تعلقات کی بحالی پر خصوصی توجہ دینی ہوگی کیونکہ موجودہ معاشی صورتحال میں جوبائیڈن انتظامیہ کا آشرباد شہباز شریف حکومت کے لیے بہت ضروری ہے۔