پی ٹی آئی کے ڈاکٹر فرحان ورک کا ٹوئٹر اکاؤنٹ 3 سال بعد بحال

اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کی بحالی کیلئے 3 سال ٹویٹر ہیڈ کوارٹرز سے قانونی جنگ کی۔ بالآخر ہماری دن رات کی محنت سے انکو احساس ہوا کہ بھارتی حکومت کے دباؤ پر پاکستانیوں کے اکاونٹ اڑانے کا فیصلہ غلط تھا، فرحان ورک

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے تحریک انصاف کے ڈاکٹر فرحان ورک کا اکاؤنٹ 3 سال بعد بحال کردیا۔

ڈاکٹر فرحان ورک نے 3 سال بعد اپنے اکاؤنٹ کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی تنقید کی زد میں رہنےوالوں سے معذرت کرلی۔

یہ بھی پڑھیے

مودی کے غیرقانونی احکامات کے خلاف ٹوئٹر نے عدالت سے رجوع کرلیا

وزیر اعظم کا عربی ٹوئٹر اکاؤنٹ بنتے ہی معطل پھر بحال ہوگیا

ڈاکٹر فرحان ورک نے اکاؤنٹ کی بحالی کےبعد پہلے ٹوئٹ میں اللہ کا شکر اداکیا۔

اپنے دوسرے ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ میں تین سال بعد ٹویٹر سے قید سے آزاد ہوگیا بھائیوں بہنوں۔ ماشاءاللہ۔ مجھے بالکل یقین نہیں آ رہا۔ اتنی خوشی

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے ٹوئٹر کی خریداری کا سودا کرنے والے ایلون مسک کو ڈٹے رہنے کا مشورہ دیا اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بھی للکارا۔

سوشل میڈیا صارفین کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ میں نے جس جس کا بھی کبھی دل دکھایا ہے ۔ میں آپ سب سے معافی چاہتا ہوں۔ تین سال پہلے میں اور انسان تھا۔ اب میں الگ انسان ہوں۔ میں نے تین سال یہی سوچا کہ ٹویٹر پر واپس آیا تو سب سے معافی مانگوں گا اور ہمیشہ مثبت کام کرونگا۔ اپنے بھائی کی معذرت قبول کریں۔

فرحان ورک نے 3 سالہ پابندی کے دوران منہ موڑنے والے سے شکوہ بھی کیا۔

اپنے اکاؤنٹ کی بحالی کیلیے لڑی گئی قانونی جنگ سے متعلق انہوں لکھا کہ میں نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ کی بحالی کیلئے تین سال ٹویٹر ہیڈ کوارٹرز سے قانونی جنگ کی۔ بالآخر ہماری دن رات کی محنت سے انکو احساس ہوا کہ بھارتی حکومت کے دباؤ پر پاکستانیوں کے اکاونٹ اڑانے کا فیصلہ غلط تھا۔ اب وہ بھارتی حکومت کو چیلنج کر چکے ہیں،الحمداللہ!

ڈاکٹر فرحان ورک نے 3 سال کے دوران وفات پاجانے والی معروف شخصیات کیلیے  فاتحہ خوانی کی بھی درخواست کی۔

فرحان ورک نے نوجوانوں کو ریاست کیخلاف اکسانے والوں کا مقابلہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کا تحریک انصاف اور عمران خان سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔

متعلقہ تحاریر